0
Monday 25 Feb 2013 18:15

مولانا فضل الرحمن کی نواز شریف سے ملاقات، انتخابات میں تعاون کرنے پر اتفاق

مولانا فضل الرحمن کی نواز شریف سے ملاقات، انتخابات میں تعاون کرنے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے جے یو آئی کی طرف سے فاٹا میں امن کے لیے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبل کرلی ہے۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفد کے ہمراہ قائد (ن) لیگ نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ (ن) لیگ پاکستان میں امن اور استحکام کے لیے ہر کوشش کی حمایت کرے گی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اے پی سی کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کی کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انتخابات میں (ن) لیگ اور جے یو آئی ایک دوسرے سے تعاون کریں گی، اس حوالے سے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم امن کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔ نگران حکومت کے حوالے سے بھی مولانا سے مشاورت کی ہے۔ ملاقات میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار، خواجہ آصف، اقبال ظفر جھگڑا اور دیگر بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ جے یو آئی کی کل جماعتی کانفرنس 28 فروری کو ہوگی۔

 ادھر مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) میں آئندہ انتخابات میں تعاون پر اتفاق ہو گیا۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا طے کرنے کے لیے دو الگ الگ کمیٹیاں قائم کر دی گئیں۔ (ن) لیگ نے طالبان سے مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی تو کرا دی، لیکن مولانا اور میاں صاحب یہ بتانے سے ہچکچا رہے ہیں کہ طالبان کو انکی ہی ضمانت کیوں چاہیے۔ ابھی طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان کے اس بیان کی بازگشت کم بھی نہ ہوئی تھی کہ اگر نواز شریف، فضل الرحمان اور منور حسن ضمانتی بنیں تو کالعدم تحریک طالبان مذاکرات کے لئے تیار ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کے درمیان انتخابی اتحاد سامنے آگیا۔ اس اتحاد میں کون کون اپنا وزن ڈا لتا ہے، اس کا فیصلہ تو آنے والا وقت ہی کرے گا۔ برادری، قومیت، رنگ، نسل اور مفادات کے ساتھ ساتھ مسلکی عقائد بھی انتخابی عمل اور اتحادوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی۔ مولانا فضل الرحمن نے میاں نواز شریف کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی، جسے قبول کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے جے یو آئی (ف) کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے راجہ ظفرالحق کی سربراہی میں تین رکنی وفد تشکیل دے دیا۔ ملاقات میں میاں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات میں ہی ملکی مسائل کا حل پوشیدہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے رائیونڈ میں ملاقات کی۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے راجہ ظفرالحق، اقبال ظفر جھگڑا اور وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے شرکت کی جبکہ جے یو آئی (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا امجد خان شریک ہوئے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان، آئندہ ہونے والے عام انتخابات اور نگران وزیراعظم کی تعیناتی سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے میاں نواز شریف کو 28 فروری کو بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، جسے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے قبول کرلیا اور اے پی سی میں شرکت کیلئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنماء راجہ ظفرالحق کی سربراہی میں تین رکنی وفد تشکیل دیا گیا۔

وفد میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان اور اقبال ظفر جھگڑا شامل ہیں۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دہشت گردی اور امن و امان کی ابترصورتحال ہے گذشتہ چند ماہ کے دوران کوئٹہ میں معصوم لوگوں کو قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جماعت ملک کے مسائل حل نہیں کرسکتی، اس کیلئے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں یکساں طور پر ملک کی موجودہ صورتحال پر لائحہ عمل ترتیب دیں، تاکہ ملک کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالا جاسکے۔ اس موقع پر میاں نواز شریف نے کہا کہ پرامن، صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہی ملکی مسائل کو حل کرنے کا واحد راستہ ہیں، آئندہ انتخابات پر ملک کا مستقل منحصر ہے، شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ملک کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا۔ یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی آل پارٹیز کانفرنس 28 فروری کو اسلام آباد میں ہوگی۔ جماعت اسلامی کے امیر منور حسن اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کروا چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 242449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش