0
Saturday 24 Apr 2010 14:18

وطن واپسی سے قبل بینظیر کی مشرف سے فون پر تلخ کلامی ہوئی تھی،سیگل

وطن واپسی سے قبل بینظیر کی مشرف سے فون پر تلخ کلامی ہوئی تھی،سیگل
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی دوست مارک سیگل نے انکشاف کیا ہے کہ پرویز مشرف بے نظیر بھٹو کی پاکستان واپسی پر سخت ناراض تھے،اس موضوع پر ان کی اور بے نظیر بھٹو کی فون پر تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔بھارتی اخبار،انڈین ایکسپریس اور دیگر ذرائع ابلاغ نے بینظیر کے قریبی دوست مارک سیگل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کبھی نہیں چاہتے تھے کہ بے نظیر بھٹو انتخابات سے قبل پاکستان واپس آئیں۔
مارک سیگل نے ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بے نظیر بھٹو کی 2007ء میں واپسی سے کچھ روز قبل ٹیلی فون پر پرویز مشرف سے کافی سخت تلخ کلامی بھی ہوئی۔سیگل کے مطابق بے نظیر بھٹو سے ٹیلی فون پر پرویز مشرف کی اس وقت تلخ کلا می ہوئی جب بے نظیر امریکا میں ان کے ساتھ تھیں اور پاکستان واپسی اور انتخابات میں حصہ لینے کا منصوبہ بنا رہی تھی۔سیگل کے مطابق مشرف سے گفتگو کے بعد بے نظیر بھٹو نے انہیں بتایا کہ ”مشرف سے کوئی بہت اچھی بات چیت نہیں رہی،وہ بہت زیادہ جارحانہ موڈ میں تھے اور کسی صورت میری واپسی نہیں چاہتے،لیکن میں نے ان پر واضح کر دیا ہے کہ میں آ رہی ہوں اور اس کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ 
سیگل نے دعویٰ کیا کہ 2002ء کے انتخابات کے بعد بھی مشرف نے بے نظیر بھٹو کو ان کے شوہر آصف علی زرداری کے خلاف تمام مقدمات ختم کرنے کے عوض ڈیل کی پیش کش کی تھی اور کہا تھا کہ اگر وہ آئندہ دس سال تک ملکی سیاست میں حصہ نہ لینے کا وعدہ کریں تو آصف علی زرداری کو نہ صرف جیل سے رہا کر دیا جائے گا بلکہ ان کو ان کی مرضی کی وزارت بھی دی جائے گی،سیگل کے مطابق آصف علی زرداری نے کسی مشروط ڈیل کو مسترد کردیا تھا۔ 
بے نظیر بھٹو نے اکتوبر2007ء کے حملے کے بعد مارک سیگل کو ای میل کی تھی کہ اگر ان کے ساتھ کچھ ہو جاتا ہے تو کون ذمہ دار ہوگا۔تاہم سیگل نے ای میل کے مزید مندرجات بتانے سے گریز کیا البتہ یہ ضرور کہا کہ بے نظیر نے کہا تھا کہ اگر مجھے کچھ ہو جاتا ہے تو پرویز مشرف اس کا ذمہ دار ہوگا۔ای میل میں بے نظیر نے اس خط کا بھی ذکر کیا،جس میں انہوں نے اپنی زندگی سے خطرات کے بارے تین افراد کا ذکر کیا،جو انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانہ کے ذریعے یہ خط مشرف کو 16 اکتوبر2007ء کو  لکھا تھا۔سیگل کے مطابق ای میل میں بھٹو نے اپنی جان کو خطرات اور سیکورٹی کے بارے ذکر کیا تھا،تاہم وہ ان کی شہادت پر وہ انتہائی غمزدہ ہو گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 24373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش