0
Saturday 9 Mar 2013 13:07

’’پاک ایران گیس منصوبہ ضرور مکمل ہوگا‘‘ صدر خیبر چیمبر کا امریکی سفارتکاروں کو جرات مندانہ جواب

’’پاک ایران گیس منصوبہ ضرور مکمل ہوگا‘‘ صدر خیبر چیمبر کا امریکی سفارتکاروں کو جرات مندانہ جواب
رپورٹ: ایس اے زیدی

خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں چیمبر کے صدر محمد یوسف سرور کے زیر صدارت ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پشاور میں متعین امریکی قونصل جنرل رابرٹ جی ریڈ اور پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے کمرشل قونصلر جیمز فلوکر نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر ملک افتخار احمد اعوان، نائب صدر محمد انیس اشرف، خیبر پختونخوا چیمبر کے سابق صدور غلام سرور خان مہمند، جمشید اختر ساول، عفان عزیز، صوفی بشیر احمد درانی، حاجی محمد آصف، ملک نیاز احمد، چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، وویمن چیمبر کی صدر نزہت رئوف، نائب صدر شمامہ ارباب، وویمن چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کی اراکین اور پشاور میں امریکی قونصلیٹ کے دیگر اعلٰی افسران سمیت صنعت و تجارت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں موجود تھے۔

تقریب کے انعقاد کا مقصد پاک امریکہ تجارتی تعلقات کا فروغ تھا۔ اس موقع پر امریکی سفارتخانے کے کمرشل قونصلر جیمز فلوکر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ اور بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں سمیت تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ جیمز فلوکر نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ بہتر تجارتی روابط کا فروغ ہر صورت یقینی بنائے گی۔ امریکی حکومت پاکستان میں بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 900 میگا واٹ بجلی کی پیداوار سے 12 لاکھ پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا۔ مختلف یونیورسٹیوں کے 12 ہزار اسٹوڈنٹس کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ صحت اور تعلیم کے شعبے سمیت مختلف شعبوں کی بہتری اور ترقی کے لئے مالی تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ 

اس موقع پر پشاور میں متعین امریکی قونصل جنرل رابرٹ جی ریڈ نے خیبر پختونخوا کے صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات سے خطاب کیا اور انہیں پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا یقین دلایا۔ دونوں امریکی سفارتکاوں نے دبے الفاظ میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی بھی مخالفت کی اور اس کے مقابلہ میں امریکی کی پیشکشوں کا ذکر کرتے رہے۔ خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس کے صدر ڈاکٹر محمد یوسف سرور نے اپنے خطاب میں واضح الفاظ میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو پاکستانی عوام کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ پختون مہمان نواز روایات کے امین ہونے کے باوجود اپنے امریکی مہمانوں کو واضح الفاظ میں جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور معاشی امداد پر ممکنہ طور پر پابندیاں درست روش نہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی بحران ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس وقت اس بحران سے نکلنے کے لئے پاکستانی عوام پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو بہتر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور بھارت ایران کے ساتھ تجارت کر رہے ہیں لیکن امریکہ ان ممالک پر پابندیوں کی بات نہیں کرتا۔ اگر امریکہ کے پاس پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کا بہتر منصوبہ ہے تو وہ ہمیں بتایا جائے۔ خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس کے صدر ڈاکٹر محمد یوسف سرور نے امریکہ اور پاکستان کے مابین باہمی تجارت کے فروغ تجارتی وفود کے تبادلے، خیبر پختونخوا چیمبر کی سفارش پر بزنس کمیونٹی کو امریکہ کے ویزے کے اجراء میں آسانی پیدا کرنے، خیبر پختونخوا چیمبر میں آر اینڈ ڈی سیل کو سپورٹ کرنے اور صوبے کی کاروباری خواتین کی معاشی ترقی کے لئے امریکی حکومت اور یو ایس ایڈ کی جانب سے تعاون کرنے کی سفارشات بھی پیش کیں۔
 
محمد یوسف سرور نے امریکی حکومت سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ہائیڈل پاور جنریشن کے شعبے میں ٹیکنیکل اور مالی تعاون کرے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی ابتر صورتحال کی وجہ سے صنعتی ترقی متاثر ہوئی ہے۔ بجلی اور گیس کی قلت کے باعث مینو فیکچرنگ کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ تقریب سے خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس کے سابق صدور غلام سرور خان مہمند، جمشید اختر ساول، عفان عزیز، حاجی محمد آصف، وویمن چیمبر کی صدر نزہت روف، نائب صدر شمامہ ارباب اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور صنعت و تجارت کے شعبے کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کیں۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ جب سے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کے افتتاح کا اعلان ہوا ہے امریکہ نے مختلف انداز سے پاکستان پر دباو بڑھانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ جس کی ایک جھلک خیبر پختونخوا چیمبر میں منعقدہ اس تقریب کا انعقاد اور اس سے امریکی نمائندوں کا خطاب ہے۔ تاہم خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر محمد یوسف سرور نے پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمانی کرکے پاک ایران گیس پائپ کے دفاع میں جو جرات مندانہ خطاب کیا، اس سے ان کے ساتھ موجود امریکی سفارتکاروں کو انتہائی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ تقریب میں موجود شرکاء نے یوسف سرور کے اس جرات مندانہ بیان کی بھرپور حمایت کی، جو شائد امریکی حکام کی آنکھیں کھول دینے کے لئے کافی ہے کہ برادر اسلامی ممالک پاکستان اور ایران کی حکومتیں اور عوام اس پائپ لائن کو نہ صرف کسی ترقیاتی منصوبہ سے تعبیر کر رہے ہیں بلکہ یہ مضبوط دوستی اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کا منصوبہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 244875
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش