0
Thursday 7 Mar 2013 18:21

سانحہ عباس ٹاﺅن شیعہ سنی فسادات کرانے کی امریکی سازش حصہ ہے، برجیس احمد

سانحہ عباس ٹاﺅن شیعہ سنی فسادات کرانے کی امریکی سازش حصہ ہے، برجیس احمد

اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر برجیس احمد نے کہا ہے کہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ہونے والا بم دھماکہ شیعہ سنی فسادات کرانے کی امریکی سازش کا حصہ ہے، پاکستان کی سالمیت اور استحکام کو خطرے سے دوچار کرنے والی قوتیں ہی اس سانحے کی ذمہ دار ہیں، حکومت واقعے کی فوری تحقیقات کرے اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ اور رہائش فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری نسیم صدیقی، نائب امیر سید محمد اقبال اور دیگر بھی موجود تھے۔
 
برجیس احمد نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شیعہ سنی کو باہم دست و گریبان کرنے اور ایران کو تنہا کرنے کیلئے امریکی عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاک ایران گیس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کیلئے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ برجیس احمد نے کہا کہ امریکا، بھارت اور اسرائیل ملکی سلامتی کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں مگر شیعہ اور سنی دونوں متحد اور یکجان ہیں، وہ امریکی سازشوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، کراچی اور پشاور میں ہونے والے بم دھماکے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں۔ ایسی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے کہ کوئی امریکہ کے سامنے کھڑا نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مفاہمتی پالیسی کے تحت دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ دیدی ہے، اتحادی حکومت میں جرائم پیشہ عناصر شامل ہیں اور کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں۔ جب تک مجرموں کو گرفتار کرکے سزا نہیں دی جاتی، شہر میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کراچی کے عوام پر عذاب بن کر نازل ہوئی ہے۔ پانچ سالوں میں 9 ہزار بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی، لیکن کسی ایک کے بھی قاتل گرفتار نہیں کئے جاسکے۔
 
برجیس احمد نے کہا کہ ملک دشمن عناصر بم دھماکوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں ہونے والے پے درپے بم دھماکے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایجنسیوں کی کھلی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں آئے روز امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہوتی جا رہی ہے اور وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک بے گناہ لوگوں کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کے بجائے صرف پیشگوئیاں کرنے کو ہی اپنی ذمہ داری سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بدامنی اور قتل وغارت گری کی واحد وجہ شہر پر دہشت گرد ٹولے کا قبضہ ہے۔ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں نے شہر کے امن کو تاراج کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہی شہر میں قیام امن کا ضامن ہوسکتا ہے۔ برجیس احمد نے کہا کہ بم دھماکے پر پوری قوم سوگوار ہے مگر اس کی آڑ میں شہر میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنا اور غیر معینہ مدت تک کیلئے ہڑتال جیسے شوشے چھوڑنا عوام دوستی نہیں بلکہ عوام دشمنی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے، بم دھماکے سے تباہ ہونے والے اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں اور متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

خبر کا کوڈ : 245029
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش