0
Sunday 10 Mar 2013 11:27

شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کی تقریبات شروع، اسکاؤٹس کی مزار شہید پر سلامی

شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کی تقریبات شروع، اسکاؤٹس کی مزار شہید پر سلامی
اسلام ٹائمز۔ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی برسی کے موقع آج کی تقریبات کا آغاز ہو گیا، سب سے پہلے امامیہ سکاؤٹس کے چاک و چوبند دستے نے مزار شہید پر سلامی پیش کی، اس موقع پر ملک بھر آئے ہوئے سینکڑوں کارکن بھی موجود تھے۔ سلامی کی تقریب کی صدارت سابق مرکزی صدر آئی ایس او اور ممتاز عالم دین علامہ شبیر بخاری نے کی جبکہ اس موقع پر مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان اطہر عمران اور امامیہ چیف سکاؤٹ حسن مرتضیٰ بھی موجود تھے۔

سکاؤٹس کے دستے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید شبیر بخاری نے کہا کہ شہید معاشرے سے منتخب شدہ اور خدا کا چنا ہوا بندہ ہوتا ہے جو خدا کی معرفت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آئی ایس او نے بہت سے شہداء کے لہو سے دین مبین کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کی بنیاد میں بھی انہیں عظیم شہداء کا خون ہے یہی وجہ ہے کہ آئی ایس او مخالفین کی بے پناہ سازشوں کے باوجود قائم ودائم ہے اور انشاء اللہ تا ظہور امام زمانہ(ع) قائم رہے گی اور امام کے لشکر نور میں شامل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کے کارکن شہدا کے پیغام کے وارث اور امین ہیں، اس لئے آپ کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں کہ شہدا کے پیغام کو آنے والی نسلوں تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے یہ سمجھا تھا کہ ڈاکٹر نقوی کو راستے سے ہٹا کر مقصد کو ختم کر دے گا لیکن آج دشمن آ کر دیکھ لے کہ شہید کے لہو سے کتنے ڈاکٹر نقوی پیدا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کے عہدیداروں کی یہ عظمت ہے کہ وہ شہدا سے وابستہ ہیں اور شہید ملت کی روح ہوتا ہے اسی لئے کہا جاتا ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔

علامہ شبیر بخاری نے کہا کہ شہید ملت کے جسم میں روح کی مانند ہے اور روح کے بغیر جسم مردہ ہو جاتے ہیں، لیکن ہماری ملت شہدا کی امین ہے اور اس کی رگوں میں دوڑنے والا لہو پیروان امام حسین (ع) کا ہے جنہوں نے کربلائے سے درس شہادت لیا اور اسے اسلام اور قوم کی بقا کیلئے فراہم کیا۔ اس موقع پر خطاب میں امامیہ چیف سکاؤٹس نے کہا کہ امامیہ سکاؤٹس کی آئیڈیل شخصیت حضرت عباس (ع) ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے پیغام کو آنے والی نسلوں پر پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم انشاء اللہ اس ذمہ داری سے عہدہ براء ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 245645
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش