0
Sunday 5 Apr 2009 10:01

فرانس کی 40 سال بعد نیٹو میں واپسی، راس موسن نیٹو کے نئے سیکرٹری جنرل نامزد

فرانس کی 40 سال بعد نیٹو میں واپسی، راس موسن نیٹو کے نئے سیکرٹری جنرل نامزد
 پیرس(جنگ نیوز)فرانس نے چالیس سال بعد نیٹو میں دوبارہ شمولیت اختیار کرلی ہے جس کی علامتی تقریب دریائے رائن پر جرمنی اور فرانس کو ملانے والے پل پر ہوئی جبکہ امریکی صدربارک اوباما کی جانب سے ضمانت کی فراہمی کے بعد ترکی نے نیٹو سربراہی کے لئے ڈینش وزیراعظم کی تقرری کی مخالفت ترک کردی جس کے بعد ڈنمارک کے وزیر عظم راس موسن کو نیٹو کا نیا سیکریٹری جنرل نامزد کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فرانس میں جاری نیٹو کے سربراہی اجلاس کے دوسرے روز کی کارروائی سے پہلے اتحاد میں فرانس کی شمولیت اور نیٹو مشنز کے دوران ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یاد میں علامتی تقریب ہوئی۔فرانس نے چالیس سال تک نیٹو سے علیحدہ رہنے کے بعد پچھلے دنوں اتحاد میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا تھا۔اس سلسلے میں علامتی تقریب دریائے رائن پر جرمنی اور فرانس کو ملانے والے پل پر ہوئی۔امریکی صدربارک اوباما،جرمن چانسلر انجلا مرکل اور نیٹو کے دیگر رکن ممالک کے سربراہان جرمنی کی جانب سے چلتے ہوئے پل کے درمیان پہنچے جبکہ دوسری جانب سے فرانسیسی صدرنکولس سرکوزی آئے۔انہوں نے نیٹو میں فرانس کی شمولیت کی علامت کے طور پر ہاتھ ملائے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔دریں اثناء ڈنمارک کے وزیراعظم راس موسن کو نیٹو کا نیا سیکریٹری جنرل نامزد کردیا گیاہے۔ان کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے اتحاد کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جاپ ڈی ہوپ نے کہا کہ رکن ممالک نے کافی غور و غوض کے بعد ڈنمارک کے وزیراعظم راس موسن کو اس عہدے کے لئے نامزد کیا ہے اور وہ بہترین انتخاب ہیں۔ترکی نے امریکی صدربارک اوباما کی جانب سے یقین دہانی کے بعد راس موسن کی تقرری کو قبول کرلیا ہے۔قبل ازیں ترکی نے اتحاد کو اشارہ دیا تھا کہ وہ ڈینش وزیراعظم کی بطور سیکریٹری جنرل تقرری کو ویٹو کریگا کیوں کہ راس موسن نے ڈنمارک کے اخبارات میں شائع ہونے والے توہین آمیز کارٹون کی اشاعت کو روکنے کیلئے کوئی کارروائی کرنے کی بجائے اس کی حمایت کی۔ترکی کے دارالحکومت استنبول میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے ترک وزیراعظم طیب اردگان نے کہا کہ صدر اوباما کی جانب سے نیٹو سیکریٹری جنرل کی تقرری کے حوالے سے ہمارے تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کے بعد صدرعبدالله گل نے راس موسن کی تقرری کو چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 2462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش