0
Wednesday 27 Mar 2013 14:20

جب تک بہاولپور صوبے کو بحال نہیں کردیاجاتا سرائیکی عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں ہوسکتا، وسیم اختر

جب تک بہاولپور صوبے کو بحال نہیں کردیاجاتا سرائیکی عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں ہوسکتا، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ جاگیر داراور وڈیرے سرائیکی عوام کے حقوق کو پامال کررکھا ہے۔ بچوں کے لئے اسکول، کالج، یونیورسٹیاں آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ بیماروں کے علاج کے لئے ہسپتال نہیں اور خواتین کے لئے فلاح و بہبود کے مراکز ناپید ہیں۔ جنوبی پنجاب کی6کروڑ عوام یر غمال ہے۔ وہاں کے لوگوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات تک میسر نہیں۔ شکست جنوبی پنجاب کے عوام سے جھوٹ بولنے والوں کا مقدر بن چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جوبھی حکومت میں آیا عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ دہائیوں سے علیحدہ صوبوں کے معاملے پر سیاست ہورہی ہے۔ عملاً عوام کو بے وقوف بنایا جاتارہا ہے۔ جب تک انتظامی لحاظ سے مزید یونٹس تشکیل اور بہاولپور کی صوبائی حیثیت کو بحال نہیں کردیاجاتا سرائیکی عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں ہوسکتا۔ 

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب کا سارا بجٹ لاہور کی سڑکوں پر لگادیا ہے۔ لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ پولیس اور تھانے چوروں، ڈاکوئوں اور جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کررہے ہیں۔ 5برس میں پنجاب کے عوام کی حالت زار میں بہتری نہیں آئی۔ فیصلے کچن کیبنٹ میں کیے جاتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام کھوٹے سکوں سے بیزار آچکے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں نئے چہروں کو موقع ملنا چاہئے۔ دوپارٹی نظام نے ملک و قوم کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ صوبائی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لئے سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور رہا۔ صوبے کے عوام آئندہ انتخابات میں باصلاحیت، مخلص اور بے داغ کردار کے حامل افراد کو منتخب کریں۔
خبر کا کوڈ : 249378
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش