0
Monday 25 Mar 2013 19:12

11 مئی کو مفاداتی سیاست کا سورج غروب ہو جائے گا،فضل کریم

11 مئی کو مفاداتی سیاست کا سورج غروب ہو جائے گا،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ قوم 11 مئی کو یومِ احتساب منائے، پاکستانی سیاست سے حیا اور وفا ختم ہو گئی ہے، جعلی ڈگری والوں کو الیکشن لڑنے سے روکنا چاہیے،شفاف انتخابات نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کا امتحان ہیں، سیاسی قائدین نگران وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کریں، مسلم لیگ ن جنرل مشرف پر آئین توڑنے کا مقدمہ چلانے کے لیے عدالت کیوں نہیں جاتی، ملکی سیاست کا فیصلہ کن موڑ آ گیا ہے، عوام ووٹ کے ہتھوڑے سے عوام دشمن نظام اور اس کے رکھوالوں کے پرخچے اڑا دیں اور 11مئی کے الیکشن میں سٹیٹس کو کی دھجیاں اڑا دیں۔

انہوں نے کہاکہ پوری قوم ’’سٹیٹس کومسٹ گو‘‘ کے نعرے پر متحد ہو جائے، 11 مئی کو مفاداتی سیاست کا سورج غروب ہو جائے گا، قوم کو امریکہ اور عرب ممالک کی حمایت سے اقتدار میں آنے کے خواب دیکھنے والوں کو پہچاننا ہو گا، مسلم لیگ ن نے قائداعظم کو کافر اعظم قرار دینے والوں سے اتحاد کر کے بانئ پاکستان کی روح کو تڑپا دیا ہے، سندھ میں پاکستان کا جھنڈا جلانے والوں کو ساتھ ملانے والے قائداعظم کے پیروکار نہیں ہو سکتے، ڈی سی او لاہور اور توقیر شاہ سمیت ایک خاص سیاسی جماعت کے حمایتی بیوروکریٹس کی جگہ غیرجانبدار سرکاری افسران کا تقرر کیا جائے کیونکہ جانبدار سرکاری افسروں کی موجودگی میں غیرجانبدار الیکشن نہیں ہو سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے قریبی ساتھیوں کو اپنی جماعت میں شامل کرنے والے اب جنرل مشرف کو بھی ساتھ ملا لیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے لیڈروں نے امریکہ اور عرب ممالک کی ہدایت پر جنرل مشرف کے خلاف اپنا لہجہ نرم کر لیا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ نگران حکومت امن و امان کی صورتحال پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ووٹرز پرانے سیاست کاروں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، انتخابات کے شفاف انعقاد سے جمہوری عمل مضبوط ہو گا، پاکستان میں افراتفری پھیلانے میں اسلام دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے۔
خبر کا کوڈ : 249031
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش