0
Wednesday 27 Mar 2013 21:34

الیکشن میں دہشت گردی کا خدشہ، سپیشل فورس بنانے کا فیصلہ

الیکشن میں دہشت گردی کا خدشہ، سپیشل فورس بنانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ آئندہ عام انتخابات میں ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر الیکشن کمیشن اور وزارت داخلہ نے مشترکہ فورس کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو آئندہ عام انتخابات میں ممکنہ دہشت گردی سے متعلق رپورٹ موصول ہوئی ہے جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ انتخابات کے موقع پر جنداللہ، کالعدم لشکر جھنگوی اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے دہشت گرد حملے کئے جا سکتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بی ایل اے نے ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد اور جعفرآباد کے اضلاع میں کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے جب کہ کالعدم لشکر جھنگوی کی جانب سے خانیوال اور ملتان میں بھی حملے کیے جا سکتے ہیں، اس کے علاوہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان بھی پشاور میں سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنا سکتی ہے۔ رپورٹ کی روشنی میں وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن نے مشترکہ فورس بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو انتخابی عمل کی تکمیل تک ملک میں امن و امان کی صورت حال کو مانیٹر کرے گی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی میں آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی اور الیکشن کمیشن کے حکام شامل ہوں گے اور یہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر صدر مملکت اور نگراں وزیر اعظم کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 249448
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش