0
Tuesday 4 May 2010 09:07

امریکہ کو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی سے نکال دیا جائے،ایران

امریکہ کو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی سے نکال دیا جائے،ایران
نیویارک:اسلام ٹائمز-اے آر وائی نیوز کے مطابق ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ امریکہ کو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی سے نکال دیا جائے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاو سے متعلق ہونے والی کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جو بھی ممالک جوہری ہتھیار بنا رہے ہیں انہیں آئی اے ای اے سے دور رکھا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنا رہا اور اس کا کوئی بھی ثبوت موجود نہیں۔
آج نیوز کے مطابق ایران کے صدرمحمود احمدی نژاد نے اقوام متحدہ نیوکلیئر کانفرنس میں دنیا بھر کے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمہ کی ڈیڈ لائن کا مطالبہ کر دیا۔ایرانی صدر کی تقریرکے دوران امریکا،برطانیہ، اور فرانس کے وفود واک آؤٹ کر گئے۔اقوام متحدہ میں نیوکلیئر کانفرنس کے موقع پر ایرانی صدر نے خطاب میں مطالبہ کیا کہ ایک آزاد کمیشن کی تشکیل کے ذریعے دنیا بھر سے ایٹمی اسلحے کے خاتمہ کی تاریخ مقرر کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کیلئے ایٹمی ہتھیار رکھنا ناپسندیدہ عمل ہے۔این پی ٹی کو دنیا بھر میں غیر قانونی طور پر استعمال کیا گیا،پہلا ایٹم بم امریکا نے ہی استعمال کیا تھا۔محمود احمدی نژاد نے امریکا کی جانب سے ایران کو مسلسل دھمکیوں کی بھی مذمت کی۔
وقت نیوز کے مطابق امریکہ روانہ ہونے سے پہلے تہران ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ این پی ٹی کو کارآمد بنانے کیلئے چند تجاویز دی ہیں۔بین الاقوامی دنیا کو ان تجاویز پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جوہری عدم پھیلاﺅ کا معاہدہ ناکام ہو چکا ہے۔ہم اس ناکام معاہدے کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حکومت دنیا میں تمام جرائم کی ذمہ دار ہے۔ایران کے سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق عالمی یوم مزدور کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ نے عراق میں 13 لاکھ 50 ہزار اور افغانستان میں ایک لاکھ سے زائد شہریوں کو ہلاک کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی حکومت خود ہی دہشت گردوں کو تربیت دیتی ہے۔امریکہ اور اسرائیل افغانستان کے بحران کے ذمہ دار ہے۔اگر امریکہ افغانستان سے نکل جاتا ہے تو علاقہ میں امن قائم ہو سکتا ہے۔محمود احمدی نژاد نے کہا کہ اقوام عالم نے امریکہ کے کردار کو اچھی طرح پہچان لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سرگرمیاں اب ایران کے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتیں کیونکہ ملت ایران نے عزت و سربلندی کی تمام چوٹیوں کو سر کرنے کا عزم کر لیا ہے۔

خبر کا کوڈ : 25075
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش