0
Saturday 20 Apr 2013 23:32

عمران خان نے لاہور سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

عمران خان نے لاہور سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور کے حلقہ این اے 122 سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا،  وہ اسی حلقے سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے مرکزی دفتر اپرمال لاہور سے انتخابی مہم کا آغاز کیا، عمران خان مال روڈ آفس سے ایک ریلی کی قیادت کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں سے گزرے تو جگہ جگہ ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، پیدل، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں موجود لوگوں کی بڑی تعداد نعرے لگاتی رہی۔ عمران خان  بلٹ پروف کنٹینر میں ریلی میں موجود رہے۔ تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلا ایک فلوٹ کی صورت میں سب کی توجہ کا مرکز رہا۔ ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک میں جس تبدیلی کا کہا تھا اس کی جھلک آج کی ریلی سے دیکھی جا سکتی ہے۔ 

میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری قوم پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، سونامی کے آگے شیر نہیں ٹھہر سکے گا، شیر کے برے دن آنے والے ہیں۔ گورنر ہاؤس تین ہفتوں کا مہمان ہے، یہاں پر لائبریری بنے گی، شاہانہ طرز کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور پیپلز پارٹی نے 5 باریاں لیں لیکن ملک کیلئے کیا کیا؟ سابق حکمرانوں کو اب احتساب کا سامنا کرنا ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ لاہور سے انتخابی مہم کا شاندار آغاز میری توقعات کے مطابق ہے، چھ مئی کو جی ٹی روڈ پر لاہور تا اسلام آباد ہر طرف سونامی برپا ہو گا۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کی سکیورٹی ڈبل کر دی ہے۔ تحریکِ انصاف نے پنجاب حکومت اور آئی جی پولیس سے ایک خط کے ذریعے مزید سکیورٹی مانگی تھی، اس پر ذرائع کے مطابق پولیس کی مزید3 گاڑیاں اور ایلیٹ فورس کے جوان عمران خان کی سکیورٹی پر مامور کر دیئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 256262
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش