0
Monday 22 Apr 2013 22:40

گولیوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، طالبان سے مذاکرات کرنا ہونگے، نواز شریف

گولیوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، طالبان سے مذاکرات کرنا ہونگے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے دل میں پرویز مشرف کے لئے انتقام کا کوئی جذبہ نہیں۔ گرے ہوئے شخص کو دھکا دینا میرے مزاج میں نہیں ہے۔  مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے ٹرائل کے بارے میں مجھے کسی نے کچھ نہیں کہا۔ میرے دل میں ان کے لئے انتقام کا کوئی جذبہ نہیں۔ اگر میرے دل میں کوئی ذاتی غصہ ہے تو میں پرویز مشرف کو معاف کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا وقت ہی نہیں آنا چاہیے کہ کسی کو وطن بدر ہونا پڑے۔ ایک پرائیوٹ ٹی وی چینل پر میزبان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں تبدیل ہوتے ہوئے پاکستان کو دیکھ رہا ہوں۔ اب بُلٹ پر بیلٹ کی برتری نظر آ رہی ہے۔ 

طالبان سے مذاکرات بارے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ آج تک سنجیدہ مذاکرات نہیں کئے گئے۔ ہمیں مذاکرات کا رستہ بند نہیں کرنا چاہیے۔ طالبان سے مذاکرات کرنا ہونگے۔ گولیوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ بات چیت کا دروازہ کھول دیا جائے تو اس کے اچھے نتائج نکلیں گے۔ طالبان سے مذاکرات میں حکومت کو بھی بیٹھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کس کو اقتدار سونپیں گے اس بات کا فیصلہ 11 مئی کے انتخابات میں ہوگا۔ ہم نے اپنی استعداد کے مطابق عوام کی بھرپور خدمت کرنے کی کوشش کی ہے۔ اگر پیپلز پارٹی اپنے 5 سالہ دور حکومت میں عوام کی بھلائی کے لئے کام کرتی تو شاید تحریک انصاف کو اتنی مقبولیت حاصل نہ ہوتی۔ آئندہ انتخابات بارے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ان کا کہنا تھا کہ انجم عقیل اور ثناءاللہ زہری کرپٹ نہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 256860
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش