0
Sunday 5 May 2013 19:46
شام پر اسرائیلی حملہ اس ناجائز حکومت کی عمر کو مختصر کرنیکا باعث ہوگا، ایرانی وزیر دفاع

صیہونی جارحیت قابل مذمت اور خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنیکی کوشش ہے، رامین مہمان پرست

صیہونی جارحیت قابل مذمت اور خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنیکی کوشش ہے، رامین مہمان پرست
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے صیہونی حکومت کی طرف سے شام پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ناجائز حکومت خطے کو عدم استحکام اور ناامنی کا شکار کرنے کی بار بار کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے علاقے کے ممالک سے کہا ہے کہ وہ سمجھداری اور حکمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف ڈٹ جائیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے خطرات اور دھمکیوں کے مقابلے میں علاقے کے ممالک کے اتحاد و وحدت اور مکمل ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ رامین مہمان پرست نے شام پر صیہونی حکومت کے جارحانہ حملے اور دمشق کے نزدیک پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابی حضرت حجر بن عدی کے مزار کی توہین کو معنی خیز قرار دیا اور کہا کہ صیہونی حکومت اور اس کے حامی اسلامی ممالک کے درمیان نسلی اور مذہبی اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ 

ادھر اسلامی جمہوری ایران کے وزیر دفاع برگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے صیہونی حکومت کی طرف سے شام پر حالیہ حملے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اسرائیل نے یہ جارحیت امریکہ کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد کی ہے۔ جنرل احمد وحیدی کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت کے اس حملے نے شام کے باغی دہشتگردوں اور ان کے غیر ملکی حمامیوں کے بیت المقدس پر قابض اسرائیل غاصب حکومت کے درمیان روابط کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت کی اس مہم جوئی اور غیر انسانی اقدامات کی وجہ سے پورے خطے میں صیہونی مخالفت کی لہر ایجاد ہو جائے گی جو اس ناجائز حکومت کی عمر کو کوتاہ تر کرنے کا باعث بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شرارت پر مبنی صیہونی حکومت کا یہ اقدام پورے خطے کے امن و امان کو خطرے سے دوچار کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔ ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی یہ قابل مذمت حرکت اس کی طاقت کی علامت نہیں ہے بلکہ خطے میں رونما ہونے والے واقعات سے اس ناجائز حکومت کی پریشانی کو ظاہر کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 260978
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش