0
Monday 6 May 2013 21:48

11 مئی کو شیر پر ہر طرف سے تیر برسیں گے، یوسف رضا گیلانی

11 مئی کو شیر پر ہر طرف سے تیر برسیں گے، یوسف رضا گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 11مئی کو شیر پر ہر طرف سے تیر برسیں گے، شیر کو بچانے والا کہیں بھی نظر نہیں آئیگا، پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آکر بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔ شجاع آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے اپنے دور حکومت میں خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دیئے۔ پیپلز پارٹی اقتدار میں ہو یا نہ ہو عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب خاندانوں کی مالی معاونت کی گئی۔ پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آ کر امدادی رقم دوگنا کر دے گی۔
 
انہوں نے کہا کہ جب تک مائیں، بہنیں اور بیٹیاں ہمارے ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثنا یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جڑیں عوام میں ہیں، پارٹی کی قیادت ہمیشہ عوام کیلئے جینا اور مرنا چاہتی ہے۔ گیلانی نے کہا ذوالفقار علی بھٹو نے عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی جدوجہد کی اور انہوں نے مزدوروں، کسانوں اور ورکرز کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔
خبر کا کوڈ : 261379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش