0
Sunday 12 May 2013 23:22

خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کو برتری، جے یو آئی (ف) نے حکومت سازی کیلئے رابطے شروع کر دیئے

خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کو برتری، جے یو آئی (ف) نے حکومت سازی کیلئے رابطے شروع کر دیئے
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے، جبکہ آخری اطلاعات تک مسلم لیگ نون دوسرے نمبر پر ہے۔ تاہم جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کیلئے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اس حوالے سے سابق وزیراعلٰی و اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخوا اسمبلی محمد اکرم خان درانی کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ خود بھی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کیساتھ رابطوں میں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کیلئے اپنی ’’خدمات‘‘ پیش کی ہیں۔ اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت سید منور حسن اور آفتاب شیرپاو کی قومی وطن پارٹی کیساتھ بھی رابطے کرچکی ہے۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی ہر حال میں صوبائی حکومت کا حصہ بننے کی خواہش مند ہے۔ اور مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف اس عمل سے دور رہے، کیونکہ تحریک انصاف کے صوبائی حکومت بنانے کی صورت میں جے یو آئی (ف) کو اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنا پڑے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی جن کوششوں میں ہے اس کے مطابق صوبائی حکومت سازی کیلئے ممکنہ فارمولہ میں مسلم لیگ نون، جے یو آئی (ف) اور قومی وطن پارٹی یا مسلم لیگ نون، جے یو آئی (ف) اور جماعت اسلامی پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہے اور عمران خان جو خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کا اعلان کرچکے ہیں، نے بھی سیاسی رابطے شروع کر دیئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 263246
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش