0
Tuesday 14 May 2013 11:07

پاک بھارت مذاکراتی عمل کا ایک نیا اور بامعنی دور شروع ہوگا، میرواعظ عمر فاروق

پاک بھارت مذاکراتی عمل کا ایک نیا اور بامعنی دور شروع ہوگا، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کی ایکزیکٹیو کونسل اور جنرل کونسل کا ایک غیر معمولی مشترکہ اجلاس پارٹی کے چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی صدارت میں حریت صدر دفتر واقع سرینگر پر منعقد ہوا، اجلاس میں موجودہ سیاسی و تحریکی صورتحال پر تفصیل سے غور و خوض کیا گیا، اجلاس میں پاکستان میں ہوئے انتخابات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام کو انکی سیاسی دانشمندی اور بالغ النظری پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیاکہ ایک مشکل صورتحال میں پاکستانی عوام نے جس طرح سے ان انتخابات میں بھر پور شرکت کرکے پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے عمل میں ایک تاریخ ساز فیصلہ دیا وہ مستقبل میں پاکستان کے ساتھ ساتھ اس پورے خطے کے سیاسی منظر نامے پر مثبت اثرات کا حامل ثابت ہوگا، اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کو انتخابات میںانکی تاریخ ساز کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ موصوف کی قیادت میں پاکستان اندرونی سطح پر سیاسی اور معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ  بین الاقوامی سطح پر اپنی ساکھ اور وقار کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں کامیاب ہوگا۔

اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ موصوف کی سربراہی میں پاک و بھارت مذاکراتی عمل کا ایک نیا اور بامعنی دور شروع ہوگا جس میں تعلقات کو ہر سطح پر سدھارنے کے ساتھ ساتھ کشمیر مسئلہ کے قابل قبول، آبرومندانہ اور دیرپا حل نکالنے کیلئے بامعنی اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جائیں گے، اور اس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ حکومت ہندوستان کشمیر سمیت جملہ مسائل کے حل کے حوالے سے پاکستان کی نو منتخب شدہ جمہوری حکومت کے ساتھ دونوں ممالک اور کشمیر کے کروڑوں عوام کے محفوظ مستقبل کیلئے بامعنی مذاکراتی عمل میں اپنا بھر پور تعاون پیش کریگی، اجلاس میں اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ ہندوستان اور پاکستان کے قائدین جنوبی ایشیائی خطے کے محفوظ مستقبل کے مفاد میں اس دیرینہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نکالنے کیلئے بھر پور سیاسی عزم کا مظاہرہ کریں گے  اور کل جماعتی حریت کانفرنس اس بامعنی عمل میں دونوں ممالک کو اپنا بھر پور تعاون پیش کریگی۔
خبر کا کوڈ : 263629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش