0
Wednesday 15 May 2013 23:39
15 مئی یوم نکبہ کی یاد میں

''فلسطینیوں کی فلسطین واپسی'' سیمینار کا انعقاد

رپورٹ: این ایچ نقوی

فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے تحت یوم نکبہ کے سلسلہ میں اسلام آباد میں ایک عظیم الشان سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پریس کلب اسلام آباد میں ہونے والے سیمینار بعنوان ''فلسطینیوں کی فلسطین واپسی'' کو حسب سابق میڈیا نے بھرپور کوریج دی۔ سیمینار سے ملک کی معروف مذہبی و سیاسی شخصیات نے خطاب کیا۔ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے طلباء کی کثیر تعداد نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔ دوسروں کے علاوہ جماعت اسلامی کشمیر کے خالد محمود خان، تحریک نوجوانان ملت کے عبداللہ گل، جماعت الدعوۃ کے کرنل (ر) نذیر احمد، عوامی نیشنل پارٹی کے احسان وائیں اور اقلیتی رہنما جے سالک شریک تھے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کرنل (ر) نذیر احمد کا کہنا تھا کہ آج فلسطین و کشمیر میں مسلمان غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کے جائز حقوق تک سلب کر لئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی اور حقوق بھیک میں نہیں ملیں گے بلکہ ان کے لئے خون اور نذرانے اور قربانیاں دینا ہوں گی۔ فلسطینیوں کے لئے سال میں صرف ایک جلسہ کافی نہیں بلکہ تمام بکھرے ہوئے مسلمانوں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔ آج مسلمانوں مختلف فرقوں میں تقسیم ہیں، اگر وہ آپس میں بھائی بھائی ہوتے تو کافر ہماری صفوں میں نہ گھس پاتا۔ آج کافر اپنے آلہ کار اور ایجنٹ مسلمانوں میں داخل کرکے فتنہ فساد برپا کر رہے ہیں۔ جماعت الدعوۃ کے رہنما کا کہنا تھا کہ آج مسلمانوں کو جہاد و قتال کے لئے کھڑا ہونا ہوگا تاکہ اسلام دنیا میں حکمرانی کرسکے۔

محمد عبداللہ گل کا کہنا تھا کہ ہمیں غیروں سے ڈکٹیشن لینا بند کرنا ہوگی اور پاکستان کو غیر ملکی مداخلت سے آزاد کرانا ہوگا۔ اگر مسلمان متحد ہو جائیں تو لیگ آف ورلڈ کی طرح نیٹو کا بھی جلد خاتمہ ہو جائے گا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما احسان وائیں نے کہا کہ اے این پی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے کشمیر و فلسطین کی آزادی کو اپنے منشور کا حصہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی ڈکٹیٹر ضیاءالحق نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک میں شدت پسندی کو فروغ دیا اور ملک میں امریکی ایجنڈے کو پروان چڑھاتے ہوئے کلاشنکوف کلچر رائج کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ مشرق وسطٰی کے وسائل پر قبضہ جمانے کے بعد اب مشرقی ایشیاء کے وسائل کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2014ء میں امریکہ اس خطہ سے واپس نہیں جائے گا بلکہ اپنے مقاصد کے لئے کوششیں مزید تیز کر دے گا۔ اے این پی رہنما نے کہا کہ ہم جہاد کے خلاف نہیں ہیں، جہاد اسلام کا حصہ ہے لیکن جہاد تنظیموں کو نہیں بلکہ مضبوط حکومتوں کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں بہایا جانے والا خون امریکی ایماء پر بہایا جا رہا ہے۔ فلسطین، فلسطینیوں کی سرزمین ہے اور اس میں حکومت اور آباد کاری صرف فلسطینیوں کا حق ہے۔ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ فلسطینیوں کو ان کے آبائی وطن سے نکال باہر کرے۔
خبر کا کوڈ : 264302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش