2
0
Saturday 18 May 2013 12:53

طالبان پاکستانی اور ہم میں سے ہیں، ان سے جنگ نہیں مذاکرات کرینگے، پرویز خٹک

طالبان پاکستانی اور ہم میں سے ہیں، ان سے جنگ نہیں مذاکرات کرینگے، پرویز خٹک
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے تین جماعتی اتحاد کے نامزد وزیراعلٰی اور تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے کی بیوروکریسی بے لگام ہے لیکن عوام کی مدد سے اسے ٹھیک کرینگے، جبکہ پولیس میں اصلاحات کرکے کمیونٹی پولیس کا نظام لائینگے۔ انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہماری طالبان سے کوئی جنگ نہیں اور ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعے کو آفیسرز میس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے صوبائی صدر اسد قیصر اور دیگر بھی موجود تھے۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما پرویز خٹک نے کہا کہ طالبان سے ہماری کوئی دشمنی نہیں، وہ پاکستانی اور ہم ہی میں سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم طالبان سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں اور ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ بھی خطے میں امن کے لئے کردار ادا کریں۔ خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلٰی پرویز خٹک نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کریں گے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے میں کسی کو ہارس ٹریڈنگ نہیں کرنے دینگے، ہم اتنے کمزور نہیں کہ مولانا فضل الرحمن ہماری حکومت گرا دیں۔ صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان ہے، کیونکہ اگر صوبے میں امن نہیں ہوگا تو سرمایہ کاری نہیں ہوگی، اس لئے پہلی ترجیح ہماری یہ ہوگی کہ امن کو بحال کریں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات فوری طور پر منعقد کروا کر اقتدار نچلی سطح تک فراہم کرینگے۔ پولیس، پٹواری اور تعلیمی نظام میں بنیادی تبدیلیاں لائینگے، جس سے عام لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اسد قیصر نے کہا کہ پرویز خٹک ہماری پارٹی کے مشترکہ امیدوار ہیں وہ لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے بلکہ صوبے کو پورے ملک کے لئے رول ماڈل بنائیں گے۔ اس موقع پر کوہستان سے آزاد منتخب رکن صوبائی اسمبلی حاجی عبدالحق نے غیر مشروط طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 265086
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ایسی حکومت جو طالبان کی حمایت کرے اور ملک میں امن و امان کی بات بھی کرے، ایسے امن پر فاتحہ پڑ لینی چاہیے۔
دہشتگردوں کی حمایت کرنا خود دہشتگردی کرنا ہے، دہشتگردوں سے پاک پاکستان چاہیے، چاہے وہ مذاکرات سے ہو یا جنگ سے۔
ہماری پیشکش