0
Sunday 19 May 2013 00:33

حکومت میں شمولیت، جے یو آئی نے مسلم لیگ (ن) سے مذاکرات کا اختیار مولانا عبدالغفور حیدری کو دے دیا

حکومت میں شمولیت، جے یو آئی نے مسلم لیگ (ن) سے مذاکرات کا اختیار مولانا عبدالغفور حیدری کو دے دیا
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ اسلام آباد مین ان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں انتخابات کے نتائج اور ملک موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت میں شمولیت کے لئے مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے رابطوں کے حوالے سے مجلس عاملہ کے اراکین کو بریف کیا۔ جے یو آئی کے ترجمان مولانا محمد امجد خان کے مطابق اجلاس میں پارٹی نے انتخابات کے بعد کی حکمت عملی طے کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے حکومت میں شمولیت کی دعوت پر بھی تفصیلی غور کے بعد طے کیا گیا کہ رابطے جاری رکھے جائیں گے۔ اس حوالے سے مذاکرات کے لئے دونوں جانب سے کمیٹیوں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ جے یو آئی نے مسلم لیگ ن سے حکومت میں شمولیت کے خدوخال طے کرنے کے لئے مولانا عبد الغفور حیدری کو نامزد کیا گیا ہے۔ 

اجلاس میں ایک قرارداد میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن ملک میں غیر جانبدرانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ جس کی وجہ سے حالیہ انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے کھلم کھلا مداخلت کی ہے، ایسے فیصلے ملک کے مستقبل کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایک اور قرار داد میں جے یو آئی کی طرف الیکشن لڑنے والوں کو مبارکبادیتے ہوئے کہا گیا کہ امیدواروں نے ابتداء کی ہے اور آنے والے انتخابات میں جمعیت علماء اسلام مزید پیش رفت کرے گی۔ اور بڑی پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی۔

 ایک اور قرارداد میں انتخابات کے موقع پر ہونے والے بم دھماکوں اور اس میں جے یو آئی کے کارکنوں سمیت دیگر لوگوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ ان واقعات میں جان کی قربانی دینے والوں کی مالی معاونت کرے اور زخمیوں کے جلد صحت یابی کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات کرے۔ اجلاس میں خیبر پختونخواہ میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جے یو آئی کی طرف سے صوبہ بھر میں ہونے والے احتجاج کی بھر پور تائید کرتے ہوئے کارکنوں سے پر امن مظاہروں میں بھر پور شرکت کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کی استدعا کی گئی۔ 
 
اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ انتخابات کے نتائج نے قوم کو حیران کر دیا ہے۔ رات کو جیتے نے والے امیدواروں کو صبح ہارنے کی خوشخبر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی جس کا اعتراف خود الیکشن کمیشن نے بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعتراف کے باوجود چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے حالیہ انتخابات کو صاف اور شفاف قرار دینا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک موجو د صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، وہ مستقبل کی سیاست انہی حالات کی روشنی میں طے کرے گی۔ مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالیہ انتخابات میں دھاندلی نہیں بلکہ پورے ملک میں دھاندلہ کیا گیا اور قوم کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کو قبول نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 265252
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش