0
Tuesday 21 May 2013 09:12

3 ہزار منصوبے فنڈز کی قلت کے باعث سست روی کا شکار ہیں، سیکرٹری سیرا

3 ہزار منصوبے فنڈز کی قلت کے باعث سست روی کا شکار ہیں، سیکرٹری سیرا
اسلام ٹائمز۔ حکومت آزاد کشمیر اور ایرا کے ویژن BULID BACK BETTER  کے مطابق تعمیرنو پروگرام کے تحت مالی بحران کے باعث شروع نہ ہو سکنے والے سکول پراجیکٹس کی تکمیل کے لیے دوست ممالک سے تعاون دستیاب ہونے کی امید نظر آئی ہے۔ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں سیرا تعمیرنو منصوبوں کو مکمل کر کے متعلقہ محکموں کے سپرد کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان میں گذشتہ دو تباہ کن سیلابوں کے باعث پیدا ہونے والے مالیاتی بحران کا اثر تعمیرنو پروگرام پر بھی پڑا ہے جس کی وجہ سے زیرتعمیر منصوبوں پر کام کی رفتار سست ہونے کے علاوہ بروقت ان کی تکمیل میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سردر محمد رحیم خان سیکرٹری سیرا نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں زیرتربیت سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران کو تعمیرنو پروگرام بارے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ 

انھوں نے افسران کو بتایا کہ تعمیرنو منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے ان کی لاگت 
بھی بڑھ رہی ہے۔صحت، تعلیم، رسل و رسائل سمیت مختلف شعبوں میں ۶۲ فیصد منصوبے بین الاقوامی معیار کے مطابق زلزلہ مزاحم بنیادوں پر مکمل کر کے متعلقہ محکموں کے سپرد کر دیئے ہیں۔ جن سے زلزلہ زدہ علاقوں کے عوام استفادہ کر رہے ہیں۔ صرف صحت اور تعلیم کے دوشعبوں میں بین الاقوامی معیار کے مطابق نو تعمیر شدہ ان منصوبوں سے عوام کو بہترین سروس ڈیلوری کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کے اضافی فنڈز کی ضرورت ہے جو موجودہ مالیاتی بحران میں ایک چیلنج ہے۔ ۳ ہزار منصوبے فنڈز کی قلت کے باعث سست روی کا شکار ہیں۔ 

سیکرٹری سیرا نے کہا کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں نیلم وادی سے لیکر سدھنوتی تک اس وقت ۷۰۰ سکولوں کی تکمیل کے لیے ڈونرزوسپانسرز کی تلاش ہے تاکہ کھلے آسمان تلے بیٹھ کر دور دراز علاقوں میں موسمی سختیاں برداشت کرنے والے طلبہ کو چھت میسر آ سکے۔ اس سلسلے میں امید افزاء اشارے ملے ہیں۔ اگر حکومت پاکستان کی فنڈنگ کے تحت زیرکار منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی کا تسلسل جاری رہے تو جلد ان منصوبوں کی تکمیل کر کے حکومت و متعلقہ محکموں کے سپرد کر دیں گے۔ شرکاء کو یہ بھی بتایا گیا کہ اسلامک ڈویلپمنٹ بنک بھی آزاد کشمیر بھر میں ۲۰۱۰ء کے سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی تعمیرنو کا ایک منصوبہ روبہ عمل لا رہا ہے جس پر جلد کام شروع ہونے کی امید ہے۔ بریفنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر سردار افراز احمد خان اور ڈائریکٹر ڈونر اینڈ سپانسرز طارق محمود بٹ بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 265940
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش