0
Monday 27 May 2013 20:29

امن کیلئے طالبان اور امریکہ دونوں سے جان چھڑانا ہو گی، صاحبزادہ حامد رضا

امن کیلئے طالبان اور امریکہ دونوں سے جان چھڑانا ہو گی، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستانی اشرافیہ بدمعاشیہ بن چکی ہے، زر کے زور پر اقتدار میں آنے والوں کی آخری باری ہے، دھاندلی زدہ الیکشن نے جمہوریت داغدار کر دی ہے، دھاندلی سے جیتنے والے حقیقی تبدیلی نہیں لا سکتے،برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6- گوادر سے کراچی تک ساحلی علاقے کو پاکستان سے الگ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے، بیرونی قوتیں پاکستان میں بدامنی پھیلانے والوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں، کراچی کو بیروت بننے سے بچانے کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مل بیٹھنا ہو گا۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ طالبان کے نام پر منظم ہونے والے جرائم پیشہ گروہ را سے ہدایات لیتے ہیں، امن کے لیے طالبان اور امریکہ دونوں سے جان چھڑانا ہو گی اور ہر طرح کے فتنہ و فساد کو کچلنا ہو گا، مذہب کے نام پر خونریزی اور نفرت کی تجارت کا خاتمہ ہونا چاہیے، موجودہ الیکشن نے صوبائی تقسیم مزید گہری کر دی ہے، قومی خزانے کی چوری روک کر معیشت ٹھیک کی جا سکتی ہے، تمام سیاسی قائدین اپنے اور اپنے خاندان کے اثاثے پاکستان منتقل کر دیں تو پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکتا ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نئے حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے اندازِ سیاست اور طرزِ حکمرانی بدلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحۂ گجرات کے ذمہ داروں کو عبرت کا نشان بنایا جائے، گستاخانہ مواد ہٹانے تک یوٹیوب کو ہرگز نہ کھولا جائے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکمران بدلنے سے عوام کی حالت بھی بدلنی چاہیے، نئے حکمران عوامی مینڈیٹ کو بادشاہت کے لیے نہیں قومی تعمیر و ترقی کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بدمعاش وہ ہے جس کی معاش بد ہے، امریکہ کی دوستی اور دشمنی دونوں خطرناک ہیں، تمام جماعتیں ملک میں قیام امن کو اپنی پہلی ترجیح بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 268033
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش