0
Wednesday 19 Jun 2013 12:02

پیپلز پارٹی قیادت کی لیاری آمد پر کراچی گینگ وار کے پیٹ میں مروڑ کیوں ہے، سردار عزیر جان

پیپلز پارٹی قیادت کی لیاری آمد پر کراچی گینگ وار کے پیٹ میں مروڑ کیوں ہے، سردار عزیر جان
اسلام ٹائمز۔ کراچی سٹی الائنس کے چیئرمین سردار عزیر جان بلوچ نے کراچی گینگ وار کے سرغنہ کے لندن سے جاری بیان پر شدید افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی قیادت لیاری میں اپنے ورکروں سے ملنے آئی تو کراچی گینگ وار کے پیٹ میں مروڑ پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ کراچی گینگ وار ملک بھر کی سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں اور وی وی آئی پیز کو منت سماجت کرکے اپنے آفس میں محض اس لئے بلاتے ہیں تاکہ اپنے ناسمجھ اور یرغمال ورکروں کو یہ ثابت کیا جائے کہ ہم طاقتور ہیں اور ملک میں کسی بھی تبدیلی کے اسباب ہم ہیں۔ اپنے بیان میں سردار عزیر جان بلوچ نے مزید کہا کہ کراچی گینگ وار کے یہ ہتھکنڈے اب پرانے ہو چکے ہیں، لوگ ان کی ذہنیت کو پڑھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے وی وی آئی پیز کراچی گینگ وار کے دفتر یاترا کیلئے جائیں تو ٹھیک اور درست فیصلہ لیکن جب پیپلز پارٹی کی قیادت لیاری اپنے ورکروں سے ملنے آئے تو متحدہ کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی ہے۔
 
سردار عزیر جان بلوچ نے کہا کہ دوسروں پر انگلی اٹھانے والے نوشتہ دیوار پڑھ لیں کہ ان کی وجہ سے آمروں کو آکسیجن دیا گیا۔ اپنے غنڈہ راج کو دوام بخشنے کے لئے دوسروں پر کیچڑ اچھالنا اور سلطان راہی کی طرح چلاّنا سیاسی طریقہ نہیں ہے، یہ طریقے کسی مافیا ڈان کے ہی ہو سکتے ہیں جو کسی آبادی کو تسخیرکرنے کیلئے یہ ڈرامے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کراچی کی عوام کو فیصلہ کرنے میں دشواری نہیں ہونی چاہئے کہ ان کے ہمدرد کون ہیں، ان کے بچوں کا مستقبل کس طرح محفوظ رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا دورہ لیاری کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے اور اسے ہمیشہ قائم و دائم رہنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 274854
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش