0
Friday 21 Jun 2013 19:07
حکومت کالعدم تنظیموں کیخلاف عملی کارروائی کرے، علامہ امین شہیدی

مجلس وحدت مسلمین کا پشاور بم دھماکے کیخلاف 3 روز سوگ و احتجاج کا اعلان

مجلس وحدت مسلمین کا پشاور بم دھماکے کیخلاف 3 روز سوگ و احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے پشاور میں جامعہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور سانحہ کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان میں علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ حکومت و فوج انسانیت دشمن طالبان دہشت گردوں سے مذاکرات کے خوب دیکھنا چھوڑ دیں اور ان ناسوروں کے خلاف بھرپور عسکری کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نواز حکومت کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر مکمل طور پر پابندی کے عملی نفاذ کا اعلان کرے۔ گذشتہ 12 سال سے صرف مصنوعی پابندیوں نے ان کالعدم دہشت گرد گروہوں کو مزید طاقتور بنا دیا ہے، پشاور میں چند مٹھی بھر دہشت گردوں نے معصوم شہریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

اپنے بیان میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے سوال اٹھایا کہ ملک کی سکیورٹی ایجنسیاں دہشت گردوں کے خلاف کسی بھی کارروائی سے قاصر کیوں ہیں؟، عوام جاننا چاہتے ہیں کہ کن خفیہ طاقتوں کی ایماء پر کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف ٹھوس کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پشاور بم دھماکے نے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی شہادت کے زخم کو پھر سے تازہ کر دیا ہے۔ 25 برس قبل اسی مقام پر ہمارے ہر دل عزیز قائد کو امریکی ایجنٹوں نے حالت وضو میں خون میں غلطاں کیا تھا اور آج اسی مقام پر ان کے دو پوتوں میں سے سید علی مہدی الحسینی ولد سید علی حسینی شہید جبکہ سید علی رضا الحسینی ولد سید علی حسینی شدید زخمی ہیں۔

علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل کہ دہشت گردی کے یہ جرثومے پوری ریاست کو متاثر کرکے مکمل طور پر مفلوج کر دیں، ہم نومنتخب وفاقی حکومت خصوصاً وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کی بقاء اور استحکام کی خاطر ان دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کریں، پوری قوم ان کا ساتھ دیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان پشاور، کوئٹہ اور کراچی سمیت پورے پاکستان میں بیگناہ شہریوں کے قتل عام پر سراپا احتجاج ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے فرزند کے بہیمانہ قتل کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور پشاور کے اس عظیم سانحے کے خلاف تین روزہ یوم سوگ و احتجاج کا اعلان کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 275557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش