0
Tuesday 25 Jun 2013 19:25

میڈیااشتہاروں سے ثابت کیا جا رہا ہے امریکہ پاکستان کی ترقی کیلئے کوشاں ہے، منور حسن

میڈیااشتہاروں سے ثابت کیا جا رہا ہے امریکہ پاکستان کی ترقی کیلئے کوشاں ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکومت نے فوجی آمر مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کے موقف پر کمزور ی دکھائی تو اسٹیبلشمنٹ کا منہ زور گھوڑا بے قابو ہو کر حکمرانوں کو ناکام بنا دے گا، مشرف کو اس کی بداعمالیوں کی قرار واقعی سز ا ملنی چاہیے، اس نے نہ صرف آئین توڑا بلکہ ملک و ملت کو امریکی غلامی میں دے کر ملکی آزادی و خود مختاری کو پامال کیا، مشرف کو آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت سزا مل گئی تو آئندہ کوئی طالع آزما جمہوریت پر شب خون مارنے کی جرأت نہیں کرے گا، نواز شریف حکومت سے قوم نے جو توقعات باندھی تھیں ان میں سر فہرست ملک کی آزادی و خود مختاری کی بحالی، امن و امان کی بحالی، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ تھا لیکن حکومت کی اب تک کی کارکردگی عوامی توقعات کے برعکس ہے۔

منصورہ میں منعقدہ پانچ روزہ تربیت گاہ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے اسی طرح جاری ہیں اور پاکستان کی آزادی و خودمختاری کا مذاق اڑا رہے ہیں، حکومت لوڈشیڈنگ کے معاملے میں بھی لوگوں کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بننے والے بجٹ نے عوام کی مشکلات اور مہنگائی میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے، ایک فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ سے ہر چیز کی قیمت 15 سے 20 فیصد تک بڑھ گئی ہے، تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں ناپید ہیں، نئی حکومت نے عوام کی پریشانیوں اور دکھوں کو کم کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کر دیا ہے، لوگ بے بسی کے عالم میں مصیبتوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے رستے ڈھونڈ رہے ہیں۔

سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ سینٹرل ایشیائی ریاستوں کے وسائل پر قبضہ کرنے، خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے کردار کو روکنے، بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانے اور ایران کو آنکھیں دکھانے کے لیے پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے، امریکہ خود تو طالبان سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے لیکن پاکستان کو طالبان سے مذاکرات سے دور رکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مرضی کے بغیر خطے میں کوئی معاملہ طے نہیں پا سکتا، حکومت پاکستان کو اپنی شاندار جغرافیائی پوزیشن کا احساس ہونا چاہیے اور اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔ سید منور حسن نے کہا کہ سیکولر لابی قیام پاکستان اور نظریہ پاکستان کے خلاف زہریلا پراپیگنڈہ کر رہی ہے، ٹی وی چینلز پر امریکی امداد کے کروڑوں روپے کے اشتہارات کے ذریعے ثابت کیا جا رہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب جھوٹ اور سیکولر لابی کا پراپیگنڈا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکولر ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لیے جلد ملک کی دینی و سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر بہت بڑی عوامی تحریک چلائیں گی۔ کراچی کے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ کراچی پاکستان کا ہی نہیں عالم اسلام کا بھی نمائندہ شہر ہے جو ایم کیو ایم کی بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی نذر ہو چکا ہے، کراچی کی آزادی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کو سلب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے عام کارکن کو بھی کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا، اس کے ایم پی اے کو مارنے کی جرات کون کر سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں اور قیادت کے درمیان جو جنگ شروع ہو چکی ہے اس کی وجہ سے عام شہری بھی لقمۂ اجل بن رہے ہیں، حکومت اور سیکورٹی ادارے اس گریٹ گیم سے پوری طرح آگاہ ہیں، حکومت کا فرض ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے اور سخت فیصلے بھی کرنا پڑیں تو ان سے گریز نہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 276723
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش