0
Thursday 4 Jul 2013 19:23

امریکہ مصر میں اسرائیل کی وفادار حکومت رکھنا چاہتا ہے، سید منور حسن

امریکہ مصر میں اسرائیل کی وفادار حکومت رکھنا چاہتا ہے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ جمہوریت پر فوج کی ڈاکہ زنی نے مصر کو ایک بار پھر تاریک سرنگ میں دھکیل دیا ہے، امریکہ وہاں اسرائیل کی وفادار حکومت رکھنا چاہتا ہے۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں سید منور حسن نے کہا کہ 1949ء میں اخوان کے بانی امام حسن البناء کو شہید کیے جانے کے بعد سے مصر میں بےگناہ مسلمانوں کا خون مسلسل بہایا جا رہا ہے، گذشتہ 64 سال سے جاری جبر اور ڈکٹیٹر شپ کو عوام کی آزادیاں اور جمہوریت ہضم نہیں ہو سکی، امریکہ اور استعماری طاقتیں بھی کسی مسلم ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں چاہتیں۔

سید منور حسن نے کہا کہ حالیہ فوجی بغاوت کا سب سے بڑا فائدہ صہیونی ریاست کو ہو گا، امریکہ اور اسرائیل مصر میں کوئی ایسی حکومت برداشت نہیں کر سکتے جو قبلہ اول کو آزاد کروانے پر ایمان رکھتی ہو۔ سید منور حسن نے کہا کہ مصری فوج کی مہم جوئی عوامی انقلاب کے ثمرات چرانے کی مکروہ سازش ہے لیکن مصری عوام اس کے خلاف بدستور میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی ڈکٹیٹر یاد رکھیں کہ اب عوام کو غلام بنا کر نہیں رکھا جاسکتا ، فوجی ڈکٹیٹر شپ نے مصر کو عالم اسلام کے قائدانہ کردار سے محروم کر کے اسرائیل کا بے زر غلام بنا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ صدر محمد مرسی نے مصر کا تاریخی مقام بحال کرنا شروع کیا لیکن استعمار کی غلام قیادت نے انہیں اسی جرم کی سزا دیتے ہوئے معزول کر دیا ہے لیکن اللہ کی تائید اور مسلسل جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعے عوام اپنے حقوق حاصل کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نصف صدی سے زائد عرصے کے مظالم کے ذریعے اخوان اور مصری عوام کی اکثریت کو کچلا نہیں جا سکا، مصری فوج کی حالیہ بغاوت اور حسنی مبارک کی باقیات اب بھی عوامی ارادے کو شکست نہیں دے سکیں گی ۔ سید منور حسن نے علمائے کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ جمعہ کو اپنے خطبہ ہائے جمعہ میں اس عظیم سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے عوام کو اس کی سنگینی سے آگاہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 279659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش