0
Tuesday 9 Jul 2013 19:40

انارکلی دھماکے کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، شہباز شریف

انارکلی دھماکے کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرقیادت پاکستانی وفد کے دورہ چین کے دورس نتائج برآمد ہوں گے، کامیاب دورے سے ایک مرتبہ پھر ثابت ہوا کہ پاکستان اور چین بااعتماد اور بہترین دوست ہیں، بلاشبہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے، چین نے پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لئے موثر کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وہ آج یہاں چین اور قطر کے دورے سے واپسی پر علامہ اقبال ائیرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ چینی حکام سے مختلف منصوبوں پر مفید بات چیت ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں مختلف منصوبوں میں تعاون کے لئے چینی کمپنیوں سے مذاکرات بھی نہایت کامیاب رہے، چینی کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور سٹیشن کو فعال بنانے کیلئے چین نے بھر پور معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے، یہ بات خوش آئند ہے کہ ڈونگ فونگ الیکٹریسٹی کمپنی نے اپنے وعدے کے مطابق چینی انجینئر وں کی ٹیم پاکستان بھجوا دی ہے جو کل (بدھ) نندی پورپاور پراجیکٹ کی سائٹ پر پہنچ جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے دورہ چین میں سب سے زیادہ فوکس پاکستان کے توانائی بحران کے حل پر رہا، چینی سرمایہ کار پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کریں گے، چین کے ساتھ کوئلے اور سولر انرجی سے متعلق تبادلہ خیال ہوا ہے۔ توانائی کے علاوہ دیگر منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سمجھوتے کے تحت کراچی سے لاہور تک موٹر وے تعمیر کی جائے گی،لاہور کی طرح کراچی میں بھی میٹرو بس کا منصوبہ شروع کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ کاشغر سے گوادر تک اقتصادی راہداری کے منصوبے سے پاکستان کو زبردست فائدہ پہنچے گا یہ منصوبہ پاک چین دوستی کی ایک نئی مثال بن کرابھرے گا۔ محمدشہبازشریف نے اپنے قطر کے دورے کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمدالثانی اوروزیراعظم عبداللہ بن ناصربن خلیفہ الثانی کے ساتھ ملاقات میں ایل این جی منصوبوں کے متعلق بات چیت کی ہے،قطر کی قیادت نے یقین دلایاہے کہ پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکالنے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ لاہور کے علاقہ پرانی انارکلی کی فوڈ سٹریٹ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعہ کے بارے میں سوال پرانہوں نے کہاکہ انہیں اس واقعہ پر بہت افسوس ہوا، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے تحقیقات کررہے ہیں، بیگناہ افراد کی جانوں سے کھیلنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 281285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش