0
Tuesday 9 Jul 2013 20:03

خواتین پاکستان کو آئیڈیل ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کریں، نوشابہ ضیا

خواتین پاکستان کو آئیڈیل ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کریں، نوشابہ ضیا
اسلام ٹائمز۔ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 46ویں برسی کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ سیمینار بعنوان’’مادر ملت کی سیاسی بصیرت‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی رہنماء نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ فاطمہ جناح عالم اسلام کی وہ خوش نصیب خاتون تھیں جنہیں بانی پاکستان قائد اعظم جیسے عظیم بھائی کا ساتھ نصیب ہوا ، یوں محسوس ہوتا کہ محمد علی جناح کی زندگی فاطمہ جناح کی زندگی تھی اور فاطمہ جنا ح کی زندگی قائداعظم کی زندگی تھی،عمروں کے فرق اور فاصلے کے باوجود فاطمہ جناح کی زندگی حضرت قائد اعظم کی زندگی کے ساتھ اس قدر متوازی چلتی ہے کہ قائد اعظم کی زندگی ایک شخصیت کی نہیں دو شخصیتوں کی سوانح ہے،مادر ملت اپنے عظیم بھائی کی تصویر تھیں۔

نوشابہ ضیاء نے کہا کہ مادر ملت نے قیام پاکستان میں قائد اعظم کی جس خلوص اور دیانت داری سے معاونت کی اس کا اعتراف ساری دنیا نے کیا، امریکہ اور برطانیہ کے اخبارات نے لکھا ہے کہ پاکستان کا قیام ایک بھائی اور بہن کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ نوشابہ ضیاء نے کہا کہ فاطمہ جناح پاکستان کو خوشحال ملک دیکھنا چاہتی تھیں، ان کا خیال تھا کہ جب تک اس ملک کا ہر فرد بنیادی سہولتیں حاصل نہیں کر لیتا اس وقت تک قیام پاکستان کا مقصد پورا نہیں ہو سکتا، مادر ملت ملک کی سیاسی آزادی کے ساتھ ساتھ اقتصادی آزادی کی بھی خواہاں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح نے اپنی سیاسی بصیرت سے مزدوروں ،کسانوں،طالب علموں، نوجوانوں اور معاشرے کے ہر طبقہ کو قوت گویائی عطا کر دی تھی، فاطمہ جناح چاہتی تھیں کہ ملک و قوم کی تقدیر اسلامی اصولوں کی روشنی میں مرتب ہو۔

انہوں نے کہا کہ وہ اسلام کی سربلندی کی علمبردار تھیں اور فرمایا کرتی تھیں کہ امت مسلمہ صرف اسلامی اصولوں پر کاربند رہ کر ہی عظمت گم گشتہ حاصل کر سکتی ہے ۔نوشابہ ضیاء نے کہاکہ آج قوم کی اس عظیم خاتون کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے اقوال و افکار کی پیروی کی جائے اور نہایت دیانت داری اور سچے دل سے وطن کی خدمت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کے نزدیک نہ صرف تحریک پاکستان میں بلکہ قیام پاکستان کے بعد بھی خواتین کے بغیر ترقی ناممکن تھی اس لئے وہ اکثر کہا کرتی تھیں کہ خواتین پاکستان کو ایک آئیڈیل ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ساجدہ صادق، فرح ناز، ارشاد اقبال، ملکہ صباء اور عائشہ شبیر بھی موجود تھیں۔
خبر کا کوڈ : 281292
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش