0
Thursday 11 Jul 2013 20:26

کراچی، ٹارگٹ کلنگ کی 25 وارداتوں میں ملوث کالعدم لشکر جھنگوی کے 6 دہشتگرد گرفتار

کراچی، ٹارگٹ کلنگ کی 25 وارداتوں میں ملوث کالعدم لشکر جھنگوی کے 6 دہشتگرد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں سی آئی ڈی پولیس نے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے بیٹے سمیت پچیس افراد کے قتل میں ملوث چھ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور دستی بم بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ ساجد قریشی، پروفیسر سبط جعفر اور ڈھاکہ کوچنگ سنٹر کے مالک اظفر زیدی سمیت ٹارگٹ کلنگ کی پچیس وارداتوں میں ملوث ملزموں کو اورنگی ٹاؤن قذافی چوک کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی، عطاء الرحمان عرف نعیم بخاری گروپ سے ہے۔ دوران تفتیش انہوں نے ٹارگٹ کلنگ کی پچیس وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔ چوہدری اسلم نے بتایا کہ ملزموں کے قبضے سے تین خودکش جیکٹس، بارہ دستی بم اور نو پستول بھی برآمد کئے گئے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں سی آئی ڈی نے کارروائی کرکے کالعدم لشکر جھنگوی کے 6 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے خودکش جیکٹس، دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا، ملزمان نے ایم کیو ایم کے ایم پی اے ساجد قریشی، ان کے بیٹے وقاص قریشی، پروفیسر اظفر رضوی اور پروفیسر سبط جعفر سمیت 25 افراد کو ٹارگٹ کرکے قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ اورنگی ٹاون میں قذافی چوک کے قریب سی آئی ڈی نے کارروائی کرکے کالعدم لشکر جھنگوی کے نعیم بخاری گروپ سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد طلحہ بدر عرف وکی، عاصم کیپری، کاظم عرف پولیس والا، عبیدالرحمان، شہاب عرف چھوٹا اور فرحان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 خودکش جیکٹس، 12 دستی بم اور 9 پستولیں برآمد کرلیں۔
 
ایس ایس پی چوہدری اسلم کے مطابق ملزمان نے نارتھ ناظم آباد میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے بیٹے وقاص قریشی، کریم آباد پر پروفیسر اظفر رضوی اور لیاقت آباد میں پروفیسر سبط جعفر سمیت 25 افراد کو ٹارگٹ کرکے قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ گرفتار مبینہ دہشت گرد کاظم عرف پولیس والا جو پولیس اہلکار بھی ہے، نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی کو قتل کرنے کا منصوبہ پاور ہاوس کے قریب ایک چائے کے ہوٹل پر بنایا گیا اور انہیں ساجد قریشی کو قتل کرنے کا ٹاسک کالعدم لشکر جھنگوی کے شیری نے دیا تھا۔ واردات میں کل 10 ملزمان تھے جبکہ فائرنگ صرف 4 ملزمان نے کی، جس میں سے ایک ملزم شہاب عرف چھوٹو بھی اس کے ساتھ ہی گرفتار ہوگیا ہے۔ سی آئی ڈی حکام کے مطابق کالعدم لشکر جھنگوی کے 3 ٹارگٹ کلنگ اسکواڈز اس وقت بھی شہر میں سرگرم ہیں اور وہ نعیم بخاری سے رابطے میں رہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 282120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش