0
Sunday 14 Jul 2013 05:36

دہشتگرد کن صفوں میں ہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت بخوبی واقف ہیں، ثروت اعجاز قادری

دہشتگرد کن صفوں میں ہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت بخوبی واقف ہیں، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی بے قابو ہو گئی جبکہ حکومت کے اقدامات صرف دعوے ثابت ہو رہے ہیں۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ٹارگٹ کلنگ کا نہ رکنا، لیاری سے مظلوم و بے بس افراد کے نقل مکانی کرنے سے ثابت ہو رہا ہے کہ حکومتی رٹ کہیں موجود نہیں ہے۔ چند مٹھی بھر دہشتگرد کراچی کے امن کو تہس نہس کئے ہوئے ہیں، وہ کن صفوں میں ہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت بخوبی واقف ہیں۔ رحمتوں، برکتوں، پرہیزگاری و تقویٰ کے مہینے میں بے گناہ افراد کا قتل کھلی بربریت ہے، قتل و غارتگری کرنے والے دہشتگرد انسان کہلانے کے لائق بھی نہیں ہیں۔ حکومت سندھ اور وفاقی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو کراچی میں چند روز میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ قادری ہاوس پر صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عوام اب یہ سوچنے سمجھنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ ریاستی ادارے اور حکومت مٹھی بھر دہشت گردوں کے سامنے بے بس کیوں ہے۔ اصل ملزمان اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیوں نہیں کیا جا رہا ہے، آئین و قانون کا شکنجہ دہشت گردوں کی گردن تک کیوں نہیں پہنچتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رینجرز اور پولیس کو سیاسی شکنجے سے نجات دلا کر کراچی سمیت ملک بھر سے دہشتگردوں کا صفایا کیا جا سکتا ہے۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ دہشتگرد عناصر، قائداعظم محمد علی جناح ﴿رہ﴾ کے اسلامی فلاحی ریاست کے تصور کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک اپنے شہید قائدین و اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف آواز حق بلند رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ رحمتوں، برکتوں اور امان دینے والے مہینے میں ٹارگٹ کلنگ کا نہ رکنا یہ ثابت کر رہا ہے کہ ٹارگٹ کلرز کے پس پشت بیرونی ہاتھ کار فرما ہیں۔
خبر کا کوڈ : 282846
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش