0
Tuesday 30 Jul 2013 12:39

بھارتی فوج کے مظالم جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتے، فضل الرحمن

بھارتی فوج کے مظالم جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتے، فضل الرحمن
اسلام ٹائمز۔ امیر جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن سے گذشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جس میں مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مولانا فضل الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتے۔ رمضان جیسے مقدس مہینے میں بھارتی فوج اور ہندو بنیے نے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی اور مساجد کے تقدس کو پامال کر کے پوری امت مسلمہ کے ایمانی جذبات کو مجروح کیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انھوں نے کہا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے غم و غصہ کی لہر پیدا ہوئی ہے۔ آزادی کشمیریوں کی منزل اور ان کا مقدر ہے جو انھیں مل کر رہے گا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آزاد کشمیرمیں سیاسی استحکام تحریک آزادی کشمیر کے لیے انتہائی ضروری ہے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق رائے دہی ملنا چاہیے۔ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کےلیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور نہتے و بے سہارہ مسلمانوں پر ہونے والے ظلم پر نوٹس لے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ جے یو آئی مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہے اور ہمیشہ ان کے حقوق کی بات کرتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہمارا دینی، قومی اور ملی فریضہ ہے ہم نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ اپنا موقف واضح رکھا اور دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیرکو اجاگر کیا اور دوٹوک الفاظ مین اس کو بیان کیا۔ مولانا سعید یوسف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد جمعیت نے ہر موقع پر آزادی اور حریت پسندوں کے حقوق کی بات کی ہے اور اس تحریک کو توانائی بخشی ہے۔ مولانا فضل الرحمن اور جے یو آئی نے ہمیشہ استحکام پاکستان کی سیاست کی ہے۔ کشمیری قوم اس بات پر مکمل یقین رکھتی ہے کہ مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی بنیاد ہے اور ہر وہ سیاسی فیصلہ جو استحکام پاکستان کا ذریعہ بن رہا ہو اس سے تحریک آزادی کشمیرکو تقویت ملتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 288101
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش