0
Monday 29 Jul 2013 14:02

بھارت کی آبی جارحیت ایٹمی جنگ سے زیادہ خطرناک ہو گی، چوہدری مجید

بھارت کی آبی جارحیت ایٹمی جنگ سے زیادہ خطرناک ہو گی، چوہدری مجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے بین الاقوامی دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی بند کروائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھارت کو جارحانہ عزائم سے باز رکھے۔ انھوں نے کہا بھارتی حکمرانوں کے ہتھکنڈوں نے برصغیر کا امن یرغمال بنا رکھا ہے، امن پسند دنیا بھارت کو برصغیر کا امن برباد کرنے سے باز رکھے۔ وزیراعظم نے مہذب دنیا سے اپیل کی کہ وہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ استصواب رائے کا حق دلوائے جسے بھارت نے ریاستی دہشتگردی سے غصب کر رکھا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مہذب دنیا جان لے کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے۔ جس نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی تسلط قائم کر رکھا ہے اور اس جابرانہ تسلط کو دوام دینے کے لیے بھارت کی آٹھ لاکھ پیرا ملٹری فورسز نے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کر رکھا ہے، جو کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم ایوان وزیر اعظم میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین، چوہدری لطیف اکبر، چوہدری مطلوب انقلابی، سید بازل علی نقوی، چوہدری پرویز اشرف، میاں عبدالوحید، سردار جاوید ایوب، عبدالسلام بٹ، ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار بھی موجود تھیں۔ 

چوہدری نے کہا کہ بھارت نے برصغیر کے امن کو دائو پر لگا رکھا ہے۔ مہذب دنیا اس ریجن کے ڈیڑھ ارب انسانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے کشمیر کا مسئلہ حل کروائے۔ اس ریجن میں امن و خوشحالی مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ اس خطے میں امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی آبی جارحیت بھارت کے منفی عزائم کی عکاس ہے۔ پاک بھارت آبی جنگ ایٹمی جنگ سے زیادہ خطرناک ہے۔ چوہدری مجید نے کہا کہ پاکستان ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے کشمیری عوام کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ کشمیری عوام بھارت کے منفی عزائم کو ناکام بنا دیں۔ 

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو، مذہبی رسومات کی ادائیگی میں رکاوٹ اور حریت قیادت کی مسلسل نظربندی، بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کروائے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام نے استصواب رائے حاصل کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ بھارتی پیرا ملٹری فورسز گن پوائنٹ پر ریاستی عوام کی رائے کو تبدیل نہیں کر سکتی۔ ریاست کے عوام استصواب رائے پر کبھی کمپرومائز نہیں کر سکتے۔ بھارتی سرکار ریاستی دہشتگردی کے ذریعے ریاست کے عوام کے حقوق کو زیادہ عرصہ غصب نہیں کر سکے گی۔آزادی ریاست کے عوام کا مقدر ہے۔ ہندوستان انہیں زیادہ عرصہ تک غاصبانہ تسلط میں نہیں رکھ سکتا۔ 
خبر کا کوڈ : 287887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش