0
Monday 5 Aug 2013 00:29

دہشتگردی کا خطرہ، اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ، کمانڈوز کا سرچ آپریشن جاری

دہشتگردی کا خطرہ، اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ، کمانڈوز کا سرچ آپریشن جاری
اسلام ٹائمز۔ دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ پولیس، فضائیہ اور نیوی کمانڈوز کی مشترکہ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مشترکہ ٹیمیں مارگلہ ہلز کے اطراف اور دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کریں گی۔ مارگلہ کی پہاڑیوں پر کمانڈوز تعینات کر دیئے گئے ہیں جبکہ فضائی نگرانی کا عمل بھی جلد شروع کر دیا جائے گا۔ مقامی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت اپنے شناختی کارڈ پاس رکھیں۔ دوسری جانب اسلام آباد، ہری پور روڈ کی رابطہ سڑکوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشتگرد ایئر ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنا سکتے ہیں، پولیس، نیوی اور فضائیہ کی ٹیموں نے مشترکہ آپریشن کرکے کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا ممکنہ طور پر ہدف ایئر ہیڈکوارٹرز ہوسکتا ہے۔ انٹیلی جنس رپورٹس اور عید کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے شہر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ میڈیا کے رابطہ کرنے پر ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضوان نے بتایا کہ پولیس، نیوی اور فضائیہ کے کمانڈوز کی 30 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جنہوں نے مشترکہ سرچ آپریشن کرکے کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ڈاکٹر رضوان کے مطابق پولیس، نیوی اور فضائیہ کے کمانڈوز کو مارگلہ کی پہاڑیوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 289757
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش