0
Wednesday 7 Aug 2013 18:56

وفاق کیجانب سے 18 ویں ترمیم کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، ڈاکٹر عارف علوی

وفاق کیجانب سے 18 ویں ترمیم کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، ڈاکٹر عارف علوی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے 18ویں ترمیم کے خلاف کی جانے والی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ صوبہ سندھ سمیت تمام صوبوں پر ان کے ریسورسز پر بارگیننگ کی جائے نہ کہ قانون سازی کے ذریعے ان کے ریسورسز پر قبضہ کیا جائے۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے 1979ء اور 2001ء دونوں میں خامیاں ہیں۔ تحریک انصاف آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور ہمارا مطالبہ ہوگا کہ یہ انتخابات بھی فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ چیف الیکشن کمشنر اور چیئرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ تاحال نہیں کیا گیا۔ وہ پی ٹی آئی سندھ کے رہنما کی رہائش گاہ پر منعقدہ افطار ڈنر میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیاء، پی ٹی آئی ہزارہ ڈویژن کے صدر اور ائیر مارشل اصغر خان کے صاحبزادے علی اصغر خان، سبحان علی ساحل، جمال صدیقی، دوا خان صابر اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
 
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وفاق کی جانب سے 18 ویں آئینی ترمیم میں تبدیلی کا جو سوشہ چھوڑا گیا ہے اس سے چھوٹے صوبوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی کے ہمراہ میں نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر سے ملاقات کی تھی اور انہوں نے ہمیں یقین دلایا تھا کہ بلدیاتی نظام کے حوالے سے جو مسودہ تیار کیا جائے گا وہ اس کی کاپی ہمیں فراہم کریں گے تاکہ اس میں ہم اپنی تجاویز دے سکیں لیکن ابھی تک ہمیں کوئی مسودہ نہیں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آمرانہ دور میں ہمیشہ بلدیاتی نظام کو تقویت ملی لیکن سیاسی ادوار میں سیاستدانوں نے اختیارات نچلی سطح تک نہیں جانے دئیے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طور پر ملک بھر سے حصہ لیں گے اور اگر بلدیاتی انتخابات صاف اور شفاف ہوئے اور فوج کی نگرانی میں منعقد ہوئے تو تحریک انصاف ملک بھر سے کامیابی حاصل کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 290671
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش