0
Friday 9 Aug 2013 19:20

ٹرینوں میں دھماکے کی دھمکیوں کے بعد کینٹ اسٹیشن رینجرز کے حوالے کردیا گیا

ٹرینوں میں دھماکے کی دھمکیوں کے بعد کینٹ اسٹیشن رینجرز کے حوالے کردیا گیا
اسلام ٹائمز۔ بھتہ نہ دینے کی پاداش میں کالعدم تنظیم کی جانب سے ٹرینوں میں دھماکے کی دھمکیوں کے بعد کینٹ اسٹیشن کو رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ہے تاہم دیگر اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے انتظامات برائے نام اور حفاظتی انتظامات بھی اسٹیشن کی حدود تک ہیں، دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر نجی ٹرین میں کمانڈوز کو تعینات کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم کی جانب سے نجی شعبے میں چلنے والی ٹرین کے مالکان کو وزیرستان اور افغانستان سے فون کرکے 10 کروڑ روپے بھتہ طلب کیا گیا تھا اور عدم ادائیگی پر پوری ٹرین کو اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے جس کے بعد کینٹ اسٹیشن پر سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیے گئے ہیں۔

گزشتہ دو دن فوج کی جانب سے کینٹ اسٹیشن پر ٹرینوں کی تلاشی لی گئی اور جمعرات کے روز پورے کینٹ اسٹیشن کو رینجرز کے حوالے کرکے اہلکاروں کی بھاری نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ رینجرز اہلکاروں نے تعیناتی کے بعد سیکیورٹی کے انتظامات پر ریلوے پولیس سے بریفنگ لی۔ بعد ازاں ریلوے کے واشنگ یارڈاور ورکشاپ کی چیکنگ کی۔ رینجرز نے نجی شعبے میں چلنے والی شالیمار ایکسپریس سمیت تمام ٹرینوں کی تلاشی لے کر بوگیوں، ڈائننگ کار اور انجنوں کی سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی لی۔ اس موقع پر ریلوے پولیس کا بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی موجود رہا۔

نجی شعبے میں چلنے والی ٹرین میں ریلوے پولیس کے کمانڈوز کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ پولیس اور رینجرز کی جانب سے اسٹیشن کی حدود میں تو حفاظتی انتظامات انتہائی سخت ہیں تاہم اسٹیشن کے اطراف میں سیکیورٹی کے انتظامات معمولی نوعیت کے ہیں جبکہ سٹی اسٹیشن، لانڈھی اسٹیشن، ملیر اسٹیشن اور ڈرگ روڈ اسٹیشن سمیت ٹریک کے اطراف سیکیورٹی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق نجی شعبے میں چلنے والی ٹرین کی انتظامیہ کی جانب سے بھتہ خوروں کی دھمکیوں کو پہلے چھپایا گیا تھا اور جب بھتہ خوروں نے ٹرین میں دھماکا کرنے کی ڈیڈ لائن دی تو انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ٹرینوں کی چیکنگ شروع کر دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 291135
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش