0
Sunday 11 Aug 2013 22:59

منصوبہ بند سازش کے ذریعے کشمیر میں فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دی جارہی ہے، میرواعظ کشمیر

منصوبہ بند سازش کے ذریعے کشمیر میں فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دی جارہی ہے، میرواعظ کشمیر
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ کی موجودہ ابتر صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا مین اسٹریم جماعتیں ریاست میں حالات کو بگاڑنے کیلئے ایک خطرناک کھیل کھیل رہی ہے اور ایک منصوبہ بند سازش کے ذریعے کشمیر میں فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دی جارہی ہے، میرواعظ کشمیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مین اسٹریم جماعتیں حصول اقتدار کی خاطر ریاست کے دو بڑے فرقوں کو ایک دوسرے کے ساتھ لڑا کر یہاں کی باہمی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فرقہ وارانہ تشدد میں تبدیل کرنے کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پہلے گول رام بن میں نہتے لوگوں کو شہید کردیا گیا اور پھر کشتواڑ میں ایک منصوبہ بند سازش کے ذریعے بے گناہ لوگوں کو تشدد کا ہدف بنایا جارہا ہے اور اس کے لئے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عید جیسے عظیم مذہبی دن کا انتخاب جنون آمیز سیاست کاری کا مظہر ہے۔

میرواعظ کشمیر نے کہا کہ کشتواڑ کے مظلوم عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا اور جموں و کشمیر کے عوام انکے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت نواز جماعتیں ہوش کے ناخن لیں اور ریاست میں فرقہ وارانہ تشدد کی سیاست کاری کا کھیل کھیلنے سے گریز کریں، حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین نے ہندو برادری کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بجرنگ دل، شیو سینا اور بی جے پی جیسی فرقہ پرست جماعتوں کے بہکاﺅے میں آنے سے گریز کرتے ہوئے ریاست کی روایتی فرقہ وارانہ بھائی چارے اور باہمی رواداری کے ماحول کو ہر صورت میں بنائے رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 291503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش