0
Wednesday 14 Aug 2013 10:24

ملک کو امن و سلامتی کا گہوار بنائینگے، قوم اور افواج پاکستان کے تعاون سے دہشتگردی پر قابو پالیں گے، نواز شریف

ملک کو امن و سلامتی کا گہوار بنائینگے، قوم اور افواج پاکستان کے تعاون سے دہشتگردی پر قابو پالیں گے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم اور افواج پاکستان کے تعاون سے دہشت گردی پر قابو پالیں گے، آج 14 اگست کے دن پورے پاکستان کو مبارک باد دیتا ہوں، پاکستان ہماری پہچان ہے۔ وہ کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔ میاں نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دی گئیں، قائداعظم جیسی قیادت عطیہ خداوندی سے کم نہیں، پاکستان علامہ اقبال کا خواب تھا، قائداعظم اور علامہ اقبال نے ہمیں مستقبل کے چیلنجز سے آگاہ کر دیا تھا، آج کا دن ہمیں خود احتسابی کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہم نے جمہوریت کو پنپنے کا موقع دیا؟ کیا آزادی کے بعد ہم اپنی خودی کی حفاظت کرسکے؟ پاکستان برصغیر کی اقلیت کی پکار تھا، یہ ملک اقلیت کی صدائے احتجاج تھی، ہم نے پاکستان کو جدید فلاحی ریاست بنانے کا عزم کیا تھا، ہمیں اپنی اصلاح کرنی چاہیے، پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، مخالفت کے باجود ہم ایٹمی قوت بنے، خطے کے مقدر کا فیصلہ پاکستان کو شریک کیے بغیر نہیں ہوسکتا، ہمیں اب ملک کی تعمیرنو کرنی ہے، پاکستان جنوبی ایشیا کی اہم قوت ہے۔ 

انہوں نے کہا یومِ آزادی خود احتسابی کا موقع فراہم کرتا ہے، ہماری نیت نیک ہے، ہم نے درست سمت کا تعین کیا ہے، ہمیں اپنی اصلاح کرنی چاہیے، قائداعظم کے وژن کے مطابق ہر سازش کا مقابلہ کرکے منزل تک پہنچا جاسکتا ہے، ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، ہماری نیت نیک اور ارادے بلند ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے کے مقدر کا فیصلہ پاکستان کو شریک کیے بغیر نہیں ہوسکتا، پاکستان خطے میں معیشت اور سیاست کا اہم مرکز ہوگا، عوام کے تعاون سے پاکستان کو ترقی پسند اور فلاحی مملکت میں تبدیل کرینگے، سیاسی اداروں کو مضبوط کیا جائے، بدقسمتی سے آج ہم پر انتہا پسندی اور دہشت گردی کے سائے منڈلا رہے ہیں، قوم کی زندگی میں اس طرح کے امتحانات آجاتے ہیں۔ 

انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کو شکست فاش دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، قوم اور افواج پاکستان کے تعاون سے دہشت گردی پر قابو پالیں گے، ملک کو امن اور سلامتی کا گہوار بنائیں گے، آنے والی نسلوں کو محفوظ پاکستان دیں گے، عالمی امن کے ساتھ ہماری وابستگی کوئی راز نہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کر رہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اگلے چند دن میں درپیش مسائل پر قوم کو اعتماد میں لوں گا، مستقبل کے نقشے سے قوم کو آگاہ کروں گا، آج ہمیں خدشات کا سامنا ہے لیکن ہمارے پاس خواب ہیں، اتنا کچھ ہے کہ ہم ایک نئی دنیا آباد کرسکتے ہیں، انشاء اللہ ہم اس کیفیت سے نکلیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 292266
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش