0
Wednesday 14 Aug 2013 12:11

بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے، علی گیلانی

بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے بزرگ کشمیری حریت رہنماء سید علی گیلانی نے کشمیریوں سے 15اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منانے اور اس دن مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کے جان و مال کے تحفظ میں کٹھ پتلی انتظامیہ کی ناکامی کے خلاف 16اگست کو بھی مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے ایک بیان میں کٹھ پتلی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ وہ فوری طور پر ان کے گھر سے پولیس کا پہرہ ہٹا دے تاکہ وہ جموں جاکر وہاں باہمی بھائی چارے کو بحال کرنے کی کوشش کرسکیں۔ انہوں نے بھارتی فوج کی حمایت یافتہ ویلج ڈیفنس کمیٹیوں کے اراکین کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دینے پر کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کمیٹیوں کو فوری طور پر غیر مسلح اور تحلیل کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ 

سید علی گیلانی نے کہا بھارتی انتہا پسند جماعت راشٹریہ سیوک سنگھ اور  ویلج ڈیفنس کمیٹیاں جموں میں مسلمانوں کی نسل کشی کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ماحول تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ مسلمانوں کے جان و مال کے تحفظ اور جنونی ہندوئوں کو لگام دینے کی بجائے عمر عبداللہ نے اپنے بھارتی آقائوں کی خوشنودی کیلئے نہتے کشمیریوں کے قاتلوں، زانیوں اور لٹیروں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا، بلکہ عمر عبداللہ نے اپنی کرسی بچانے کیلئے ہمیشہ اس طرح کا گھنائونا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوپیاں میں جب دو کشمیری لڑکیوں آسیہ اور نیلوفر کی عصمت دری کر کے انہیں قتل کر دیا گیا تھا، تو تب بھی کٹھ پتلی وزیراعلیٰ نے قاتلوں کو بچانے کیلئے اہم کردار ادا کیا تھا۔ 

سید علی گیلانی نے عمر عبداللہ کے اس بیان کے ویلج ڈیفنس کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کا ان کے پاس اختیار نہیں بلکہ پولیس کے پاس ہے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جموں و کشمیر ایک پولیس اسٹیٹ ہے اور عمر عبداللہ کی حیثیت صرف ایک شو بوائے سے زیادہ نہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ جموں صوبے میں لوگوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے اور اسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے جس طرح کہ 1947ء میں ڈوگرو شاہی انتظامیہ اور شیخ عبدااللہ نے کیا تھا۔ انہوں نے ویلیج ڈیفنس کمیٹیوں کی تحلیل کے مطالبے کے حق اور کشمیریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکامی کے خلاف 16اگست کو مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 292305
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش