0
Wednesday 30 Jun 2010 13:38

پاک چین ایٹمی معاہدہ کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ سے منظوری لازمی ہے،امریکا

پاک چین جوہری معاہدے پر کسی کو اعتراض نہیں،قریشی
پاک چین ایٹمی معاہدہ کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ سے منظوری لازمی ہے،امریکا
واشنگٹن،اسلام آباد:اسلام ٹائمز-روزنامہ جسارت کے مطابق امریکا نے کہا ہے کہ پاک چین نیوکلیئر ری ایکٹرز کی تعمیر کے معاہدے کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ سے منظوری ضروری ہے جبکہ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاک چین جوہری تعاون خالصتاً سول مقاصد کیلئے ہے،بھارتی اعتراضات کا کوئی جواز نہیں۔واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان پی جے کرولی نے کہا کہ امریکا چین سے معاہدے کے معاملے میں مزید معلومات چاہتا ہے۔جے کرولی کا کہنا تھا کہ امریکا نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے سامنے چین اور پاکستان کے درمیان ری ایکٹرز کی تعمیر کے معاہدے کا معاملہ گزشتہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں اٹھایا ہے۔اجلاس میں کوئی اتفاق رائے نہیں ہوا،جبکہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے معاملات اتفاق رائے سے چلائے جاتے ہیں۔ ادھرپاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان جوہری تعاون خالصتاً سول مقاصد کیلئے ہے اور اس پر بھارت کے اعتراضات کا کوئی جواز نہیں۔منگل کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کی اشد ضرورت ہے،پاکستان نئے ذرائع کی تلاش جاری رکھے گا،اور چین کے ساتھ سول جوہری معاہدہ ان ذرائع میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ جوہری تعاون بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں کے عین مطابق ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت نے امریکا اور دیگر ممالک کے ساتھ سول جوہری معاہدے کیے ہیں اور اسے پاک چین معاہدے پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ 
 جنگ نیوز کے مطابق امریکہ نے ایک بار پھر پاک،بھارت مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عملی اور براہ راست مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے،ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان پی جے کرولی نے صحافیوں کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران پاک بھارت مذاکرات کے حوالے سے سوال پر کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے،ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ جہاں تک دونوں ملکوں کے مابین تعاون اور معلومات کے تبادلے کا تعلق ہے،یہ فیصلہ دونوں حکومتوں پر ہے،انھوں نے کہا کہ امریکہ پاک،بھارت براہ راست مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
پاک چین جوہری معاہدے پر کسی کو اعتراض نہیں،قریشی
ملتان:آج نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک چین جوہری معاہدے پر بھارت سمیت کسی ملک نے اعتراض نہیں کیا،پابندیوں کے باوجود ایران کے ساتھ معاہدہ بھی قائم ہے۔ وہ ملتان ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی سوچ میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے،پندرہ جنوری کو بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات میں کشمیر اور پانی سمیت تمام مسائل پر بات ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے وولر بیراج کی تعمیر پر اعتراض کیا تھا،جس کے بعد بھارت نے اس پر کام روک دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مڈٹرم الیکشن ملکی مفاد میں نہیں،جمہوریت اسی وقت مضبوط ہو گی،جب مقررہ وقت پر انتخابات ہوں گے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے ملک میں سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔

خبر کا کوڈ : 29616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش