0
Wednesday 28 Aug 2013 08:53

عدلیہ کی کارکردگی پر فیئر کمنٹس توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتے، عمران خان

عدلیہ کی کارکردگی پر فیئر کمنٹس توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توہین عدالت کیس میں اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ سپریم کورٹ کیس کی سماعت آج کرے گی۔ عمران خان کی طرف سے ان کے وکیل حامد خان نے جواب جمع کرایا۔ عمران خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے توہین عدالت نہیں کی اور نہ ہی کسی جج کے خلاف نفرت پھیلائی، عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لیے ان کی جدوجہد کو مدنظر رکھا جائے، 26 جولائی کی پریس کانفرنس میں شرمناک کا لفظ کسی کو گالی دینے کے لیے استعمال نہیں کیا، یہاں تک کہ ریٹرننگ اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے لیے بھی نہیں۔ ڈی آر اوز اور آر اوز پر تنقید صرف ان کے انتظامی فرائض کے حوالے سے کی گئی۔ ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسر پر تبصرہ اور عدلیہ کی کارکردگی پر فیئر کمنٹس توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان بھی متعصب تھے، جسٹس ریاض کیانی الیکشن کمیشن کے ممبر کے بجائے مسلم لیگ ن کے نمائندے بنے ہوئے تھے، وہ پنجاب میں دھاندلی سے آگاہ تھے اور انہوں نے دھاندلی روکنے کے اقدامات نہیں کیے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ توہین عدالت کا نوٹس خارج کیا جائے۔

دیگر ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ معافی تب مانی جاتی ہے جب کوئی غلط کام کیا جائے۔ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ حالیہ الیکشن میں دھاندلی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ سے کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتے۔ دیکھیں آج عدالت میں کیا ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز عمران خان توہین عدالت کیس میں اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا تھا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کا 21 صفحات پر مشتمل جواب ان کے وکیل حامد خان نے جمع کرایا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسروں کی کارکردگی پر تنقید کی تھی۔ ریٹرننگ افسران کے کام پر تبصرہ کرنے سے توہین عدالت لاگو نہیں ہوتی۔ انہوں نے ''شرمناک'' کا لفظ پوری عدلیہ کیلئے نہیں بلکہ ریٹرننگ افسروں کے لئے استعمال کیا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عدالت کو کبھی سکینڈلائز کرنے یا کسی جج کی تضحیک یا توہین کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے عدالت سے 26 جولائی کو جاری کیا گیا توہین عدالت کا نوٹس واپس لینے کی استدعا کی۔ سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج دوبارہ ہو گی۔
 



خبر کا کوڈ : 296237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش