0
Sunday 1 Sep 2013 10:27

کشمیریوں کا جذبہ حریت سرد نہیں ہوا، سردار یعقوب

کشمیریوں کا جذبہ حریت سرد نہیں ہوا، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر مجھے اپنے دل و جان سے زیادہ عزیز ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور یہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر گذشتہ 65 سال سے تصفیہ طلب ہے۔ دیر سے ہی سہی لیکن آہستہ آہستہ دنیا کی توجہ اس مسئلے کے حل کی جانب مبذول ہو رہی ہے۔ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیاء نیوکلیئر فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔ جس کی وجہ سے عالمی طاقتیں اس مسئلے کے جلد حل کی ضرورت محسوس کرنے لگی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوتھ فورم فار کشمیر کے زیراہتمام جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید، فورم کے سرپرست اعلی محمد میاں سومرو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سردار یعقوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک پیچیدہ اور ہمہ جہت مسئلہ ہے۔ یہ دو ملکوں کے درمیاں سرحدی تنازعہ یا زمینی ٹکڑے کا مسئلہ نہیں یہ ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کے مستقبل کا سوال ہے۔ اپنے پیدائشی حق کے لیے کشمیری قوم نے لاکھوں قربانیاں دی ہیں۔ آج بھی مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی، بزرگ، بیٹے اور بہنیں اپنا تازہ لہو دے کر شمع آزادی کو جلائے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارت کی ان حرکات کی وجہ سے خطہ جنگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔

اںھوں ںے کہا کہ کشمیری قوم نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنی مرضی سے الحاق پاکستان کا فیصلہ کر لیا تھا۔ جس پر انھیں امادہ کرنے کےلیے کسی نے مہم چلائی، لالچ دی نہ کوئی وعدہ کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جابر ہندو حکمران مہاراجہ نے عوام کی مرضی ومنشا کے خلاف جب بھارت سے الحاق کا فیصلہ کیا تو کشمیری قوم نے جہاد کے ذریعے مہاراجہ کی ڈوگرہ فوج کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھگاکر ان دونوں خطوں کو بزور طاقت آزاد کروایا۔ 

صدر ریاست نے کہا کہ میں گذشتہ کچھ عرصے سے ایسی آوازیں سن رہا ہوں کہ شاید مسئلہ کشمیر پاکستان کے لیے بوجھ ہے۔ ہمارے بعض دانشور حضرات اور این جی اوز کے کارکن بھارت میں ہونے والی کانفرنسوں اور سیمینارز میں جا کر ایسی گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ دوستی کے گن گاتے ہیں۔ میں ان پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کے لیے بوجھ نہیں بلکہ کشمیری پاکستان کی بقاء، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

سردار یعقوب نے کہا کہ مین اس خیال سے قطی متفق نہیں کہ کشمیری تحریک آزادی سے تھک گئے ہیں یا اکتا چکے ہیں، مایوسی کی کوئی بات نہیں کشمیر قوم کاجذبہ حریت سرد نہیں ہوا۔ عصری تقاضوں اور حکمت عملی کے تحت مسلح جدوجہد کو کم کیا گیا ہے۔ ہم دنیا کو دیکھنا چاہتے ہیں کہ کشمیری شدت پسند اور انتہا پسند نہیں، بھارت پرامن طریقے سے مسئلہ کشمیر حل کر دے، بصورت دیگر ہم اپنے آبائو اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دوبارہ ہتھیار اٹھا سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 297427
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش