0
Friday 13 Sep 2013 19:54

علامہ ریاض شاہ کی سینکڑوں علما و مشائخ کے ہمراہ داتا دربار پر حاضری

علامہ ریاض شاہ کی سینکڑوں علما و مشائخ کے ہمراہ داتا دربار پر حاضری
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ کی قیادت میں سینکڑوں علماء و مشائخ نے دربار حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ پر اجتماعی حاضری دی اور ملک کی سلامتی اور قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر سیّد ریاض حسین شاہ نے عوام سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفید سامراج مسلم ممالک کی خودمختاری کا احترام کرے، حکومت ملک میں بے یقینی ختم کرنے کے لیے غیرسیاسی دینی جماعتوں کا تعاون حاصل کرے،سیاسی و مذہبی جماعتیں ملکی سلامتی اور امن کیلئے ذمہ دارانہ طرزعمل اپنائیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اہلسنّت اُمّتِ مسلمہ کے مسائل کے حل کے لیے عملی کوششیں کرے گی اور پاکستان میں بدامنی کے خاتمے کے لیے فروغِ محبت مہم چلائی جائے گی اور تمام سیاسی و مذہبی قیادت کو رواداری اور محبت کی روش اختیار کرنے کے لیے خطوط ارسال کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اہلسنّت فروغِ علم اور خدمتِ انسانی کا مشن تیز تر کرے گی، ملکی سالمیت کے لیے سیاسی جماعتوں سے زیادہ غیرسیاسی مذہبی جماعتیں کردار ادا کر سکتی ہیں اس لیے حکومت غیرسیاسی مذہبی جماعتوں کو نظرانداز نہ کرے، ملک کو بھنور سے نکالنے کے لیے قومی قیادت تدبر سے کام لے۔ سیّد ریاض حسین شاہ نے اعلان کیا کہ جماعت اہلسنّت امریکی پادری ٹیری جانز کی طرف سے قرآن مجید کو جلانے کے ناپاک اعلان کے ردِّ عمل میں دنیا بھر میں آٹھ لاکھ قرآن مجید کے نسخے تقسیم کرے گی اور 7اکتوبر کو راولپنڈی سے اسلام آباد تک عظمتِ قرآن ریلی نکالی جائے گی۔

سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ جماعت اہلسنّت اپنے نئے تین سالہ تنظیمی سیشن کا آغاز اللہ کے نیک بندے کے آستانے پر حاضری دے کر کر رہی ہے۔ جماعت اہلسنّت فروغِ فکرِ قرآن کے لیے ملک بھر میں دروسِ قرآن شروع کرے گی اور تین سال میں ایک لاکھ افراد کو فکرِ قرآن سے آراستہ کیا جائے گا۔ اجتماعی حاضری اور دعا میں مفتی محمد اقبال چشتی، پیر سیّد شمس الدین بخاری، محمد نواز کھرل، مولانا قاری نذیر احمد قادری، پروفیسر عبدالعزیز نیازی، مولانا قاری فیروز صدیقی، مولانا شیر محمد رضوی، مولانا بہاؤ الدین اور دیگر علماء و مشائخ نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 301502
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش