0
Friday 20 Sep 2013 00:14

کراچی، امام بارگاہ میں دستی بم حملہ، 1 شخص جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی، امام بارگاہ میں دستی بم حملہ، 1 شخص جاں بحق، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے لانڈھی مجید کالونی سیکٹر 2 میں واقعہ امام بارگاہ میں نامعلوم دہشتگردوں کے دستی بم حملے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمی افراد کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، تاہم 3 کی حالت نازک ہے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب امام بارگاہ میں موجود افراد عزاداری امام حسین برپا کرنے کے بعد نیاز امام حسین کا اہتمام کررہے تھے کہ دہشتگردوں نے دستی بم سے حملہ کیا، جس سے ایک عزادار ذاکر حسین شہید اور متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے امام بارگاہ کے اندر بیٹھے ہوئے افراد کو اپنی دہشتگردی کا نشانہ بنایا اور دستی بم پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے دہشتگردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلٰی سندھ نے واقعہ میں جاں بحق اور زخمی افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق کراچی شرقی کے علاقے لانڈھی مجید کالونی میں امام بارگاہ پر دستی بم سے حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے، اسپتال ذرائع کے مطابق اس دستی بم حملے میں گیارہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ امام بارگاہ لانڈھی بھینس کالونی کے قریب واقع ہے۔ دستی بم حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں موجود ہیں۔زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ انھیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 303485
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش