0
Thursday 26 Sep 2013 20:13

عسکری حملے ہند و پاک بات چیت کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، منموہن سنگھ

عسکری حملے ہند و پاک بات چیت کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، منموہن سنگھ
اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے جموں میں سیکورٹی فورسز پر عسکری پسندوں کے آج کے حملے کو وحشیانہ کارروائی قرار دیا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سے امن کے لئے بات چیت کا عمل متاثر نہیں ہوگا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک میں موجود منموہن سنگھ نے اتوار کو نواز شریف سے ملاقات کرنی ہے، حملے کے بعد ٹوئٹر پر جاری کئے گئے ایک بیان میں منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ یہ امن کے دشمنوں کی جانب سے اشتعال انگیز اور وحشیانہ کارروائیوں میں سے ایک ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردی کے اس عفریت سے لڑنے اور اسے شکست دینے کے لئے پرعزم ہیں جسے سرحد پار سے شہ مل رہی ہے، اس قسم کے حملے ہمیں ڈرا نہیں سکتے اور نہ ہی بات چیت کے ذریعے تمام مسائل حل کرنے کے عزم کو متزلزل کرسکتے ہیں۔

حکمران جماعت کانگریس کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ یہ حملہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کی امریکہ میں ہونے والی بات چیت کو سبوتاژ کرنے کے لئے کیا گیا ہے، ادھر اپوزیشن جماعت بی جے پی کے سینیئر لیڈر یشونت سنہا نے بھی ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے بعد وزیراعظم کو امریکہ میں نواز شریف کے ساتھ بات چیت نہیں کرنی چاہیے، درایں اثنا مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کی جگہ اور وقت کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ اس کا مقصد امریکہ میں پاکستان اور بھارت کے وزرائےاعظم کے درمیان بات چیت کو نقصان پہنچانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 305715
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش