0
Saturday 28 Sep 2013 12:11

حکمران قاتلوں سے اپنی حکومتوں کے تحفظ کی بھیک مانگنے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں، ایس یو سی پشاور

حکمران قاتلوں سے اپنی حکومتوں کے تحفظ کی بھیک مانگنے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں، ایس یو سی پشاور
اسلام ٹائمز۔ مشنِ حُسینی پر عمل پیرا ہونے کے لیے اپنے افکار و کردار کو سیرتِ آئمہ معصومین (ع) کے مطابق ڈھالنا ہی بندہ مومن کا وطیرہ ہونا چاہیٔے۔ مکتب ِاہلبیت (ع) نے حق و باطل کے درمیان واضح فرق قائم رکھنے کو ہی حُسینیت کا نام دیا ہے اور حق کی سربلندی کی خاطر بڑے سے بڑے خطرے سے کھیل جانا ہمیں کربلا والوں کا درس ہے۔ آج حکمران اپنے تخت و تاج بچانے کے لیے ظالم اور مظلوم کے فرق کو نظر انداز کیے ہوئے ہیں۔ اور یہ بے بس حکمران ہزاروں شہداء کے قاتلوں سے صرف اور صرف اپنی حکومتوں کے تحفظ کی بھیک مانگنے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل ضلع پشاور کے زیر اہتمام منعقدہ تنظیمی اجلاس میں کیا گیا۔ جس کی صدارت ایس یو سی ضلع پشاور کے صدر آخونزادہ مجاہد علی اکبر نے کی۔ جبکہ مہمانِ خصوصی ڈویژنل صدر آغا سید پھول شاہ کاظمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ تھے۔ اجلاس میں عہدیدارانِ کابینہ و یونٹس اور اراکینِ مجلسِ مشاورت نے بھر پور شرکت۔ اجلاس میں پشاور میں امامیہ کالونی اور جامع مسجد مدرسہ شہید عارف حسین الحسینی میں ہوئے بم دھماکوں میں تنظیمی سطح پر کئے جانے والے اقدامات کو سراہا گیا۔
 
اس کے علاوہ پاراچنار خود کُش دھماکے کے زخمیوں کی پشاور کے ہسپتالوں میں کی جانے والی امدادی کارروائیوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء اجلاس نے جماعتی اُمور میں مزید فعالیت اور یونٹ سطح پر تنظیمی کارکنوں کو مزید منظم اور متحرک کرنے کے لیے تجاویز پر باہمی تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیمیں قوم و ملت کو اپنے نظم و ضبط سے ہی مضبوط بناتی ہیں اور اپنی صفوں کو منظم اور متحد رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کیونکہ دُشمنانِ مکتب حق کی یہ سازش ہے کہ وہ ہماری صفوں کو بدر و خندق جیسا منظم نہ ہونے دیں اور وہ دن رات اپنی انہیں سازشوں میں لگے ہیں۔ ہمیں ان سے خبردار رہ کر یہ جان لینا ہو گا کہ جہاں بھی اتحاد و وحدت کے نام پر قومی تشخص کو پامال کر کے اپنے ذاتی تشخص اور قد کاٹھ پر قوم کا استحصال ہو گا وہاں پیروانِ حق پر ظالموں کو ظلم کرنے کا موقع آسانی سے فراہم ہو گا۔ اجلاس کے آخر میں شرکاء اجلاس نے علامہ سید ساجد علی نقوی کی مدبرانہ قیادت کے پچیس سال مکمل ہونے کی خوشی میں اُنہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی ولولہ انگیز قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 306161
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش