0
Monday 30 Sep 2013 20:48

آئی ایم ایف پر انحصار کرنے والے کسی ملک کی معیشت بہتر نہیں ہوئی، زبیر ملک

آئی ایم ایف پر انحصار کرنے والے کسی ملک کی معیشت بہتر نہیں ہوئی، زبیر ملک
اسلام ٹائمز۔ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے صدر زبیر احمد ملک نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط اقتصادی استحکام اور سماجی مساوات کو ختم کر دینگی اور اس کا نتیجہ ملک کے طول و عرض میں بڑے پیمانے پر بے چینی و بدامنی کے سوا کچھ نہیں نکلے گا۔ آج تک آئی ایم ایف پر انحصار کرنے والے کسی ملک کی معیشت بہتر نہیں ہوئی۔ بین الاقوامی قرض دہندہ کا ایجنڈا بھوک و افلاس مسلط کرکے آزادی و خودمختاری سلب کرنا ہے۔ آئی ایم ایف اصلاحات کا اقتصادی فائدہ کم مگر اسکے اثرات عوام، معاشرے، معیشت اور کرنسی پر تباہ کن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاروباری برادری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
 
زبیر ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف عالمی اجارہ داری یقینی بنانے کا آلہ ہے جسکے حربوں سے درجنوں ممالک میں ارتکاز زر، ارب پتیوں کی تعداد، غربت، بے روزگاری اور امیر و غریب کے مابین خلیج بڑھ رہی ہے جبکہ ترقی پزیر ممالک میں اسکی رفتار تیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو مسیحا سمجھنے والی کسی ملک کی معیشت اور عوام کی حالت بہتر نہیں ہو سکی ہے جبکہ سماجی عدم تحفظ، بدامنی اور دیگر مسائل بڑھے ہیں۔ زبیر احمد ملک کا کہنا تھا کہ اکنامک منیجر اور سینٹرل بینکر آئی ایم ایف کے نظریات کی بلا تعمل پیروی نہ کریں اور نہ ہی کسی فیصلے کو اقتصادی دلیل و ثبوت کے بغیر قبول کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر قرض دھندہ سے معاملات کرنا غیر جمہوری عمل ہے جو جمہوری حکومتوں کو زیب نہیں دیتا۔
 
زبیر احمد ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف کے جال میں پھنسنے والے اعتراف کریں کہ انکی اقتصادی بصیرت وہ نہیں جس کا دعویٰ کرتے ہیں ورنہ معیشت، عوام اور کرنسی کا یہ حال نہ ہوتا۔ زبیر احمد ملک نے کہا کہ وہ آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوامی فلاح کے منصوبے ختم کرنے اور معاشی خودکشی کے منصوبوں کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ کلیدی پالیسی ریٹ بڑھانے کا کرنسی کے استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد سے کوئی تعلق نہیں جبکہ ایشیائی ممالک بیل آﺅٹ کے لئے اپنی معیشت کا گلہ نہیں گھونٹیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ریسکیو پیکچ غریب کی زندگی مشکل بناتے ہیں جبکہ امراء کی عیاشیوں کے نئے راستے کھلتے ہیں جس سے معاشرہ توازن کھو دیتا ہے۔ زبیر احمد ملک نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی پالیسیاں زمینی حقائق کے مطابق نہیں ہوتیں اور قرض مانگنے والے ممالک سے مشاورت صرف دکھاوے کے لئے ہوتی ہے۔ اقتصادی اصلاحات کی آڑ میں ترقی پزیر ممالک کی معیشت پر جان لیوا حملوں کا سدباب حکومت کی ذمہ داری ہے۔
خبر کا کوڈ : 307012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش