0
Thursday 3 Oct 2013 00:19

سپریم کورٹ دہشتگرد جماعت کے دفتر سے بھارتی اسلحے کی برآمدگی کا ازخود نوٹس لے، خالد حمید

سپریم کورٹ دہشتگرد جماعت کے دفتر سے بھارتی اسلحے کی برآمدگی کا ازخود نوٹس لے، خالد حمید
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے ڈپٹی آرگنائزر کراچی کمیٹی خالد حمید نے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں رینجرز اہلکاروں کے دہشت گرد جماعت کے دفتر پر چھاپے اور وہاں سے برآمد ہونے والے بھارتی اسلحہ کے بعد کراچی کو جس طرح قتل گاہ بنایا گیا اور دو مہاجر کارکنان سمیت درجن بھر افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا اس کے بعد بھی کیا کسی کو اس بات کا ثبوت چاہئے کہ کراچی کا امن کون تباہ کر رہا ہے۔ کراچی اگر تباہ و برباد ہوا تو اسکی سب سے بڑی ذمہ دار متحدہ ہے۔ حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے اگر دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں کوئی کسر چھوڑی تو پھر شائد کراچی ہاتھ سے ہی نکل جائے گا۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر ناظم آباد حیدری مارکیٹ سے آئے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (سندھ) اور ڈی جی رینجرز کی پریس کانفرنس ”دیر آئے درست آئے“ کی مثال ضرور ہے لیکن اسکے بعد دہشت گرد جماعت کی جانب سے عوام کو اکسانا اس بات کا ثبوت ہے کہ مذکورہ جماعت ریاست اور اسکے اداروں سے لڑنے کا تہیہ کئے بیٹھی ہے اور کراچی کے نوجوانوں کو مروا کر بھارتی سازش کامیاب بنانا چاہتی ہے۔
 
خالد حمید نے کہا کہ دہشت گرد اور انکے کرتا دھرتا شائد یہ بھول گئے کہ بیس برسوں میں جن ہزاروں بے گناہوں کا خون بہایا گیا وہ اب رنگ لانے والا ہے، عوام اب کسی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے انسانیت سوز جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے مہاجر عوام کو بلی کا بکرا بنانے والے باز آجائیں، چند جرائم پیشہ افراد کے بل پر کروڑوں محب وطن مہاجروں کو محکوم نہیں بنایا جاسکتا۔ اگر ایسی کوشش کی گئی تو ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مہاجر قومی موومنٹ مہاجر نوجوانوں کی حمایت و مدد سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرے گی اور شہر کا امن بحال کرنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ خالد حمید نے مزید کہا کہ دہشت گرد جماعت کے دفتر سے ملنے والے اسلحے کے بعد یہ بات واضح ہو چکی کہ مذکورہ جماعت ملک دشمن قوتوں کی آلہ کار ہے چناچہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام مصلحتیں بالائے طاق رکھتے ہوئے فیصلہ کن کارروائی کریں اور کراچی بدامنی کیس کی سماعت کرنے والی سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے کر کراچی بچانے کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 307644
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش