0
Sunday 6 Oct 2013 22:26

کشکول توڑنے کے اعلانات کرنے والے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سامنے لیٹ گئے ہیں، جماعت اسلامی

کشکول توڑنے کے اعلانات کرنے والے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سامنے لیٹ گئے ہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی اپیل پر اتوار کے روز ملک بھر میں بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ اس یوم احتجاج کے سلسلے میں راولپنڈی میں بھی لیاقت باغ چوک مری روڈ پر بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر عوامی مفاد میں واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ شرکاء نے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور  ظالمانہ مہنگائی  نامنظور اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن نامنظور کے نعرے لگائے۔

اس موقع پرامیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سجاد احمد عباسی  نائب امراء سید ارشد فاروق  شیخ مسعود احمد امیدوار حلقہ این اے 56 رضا احمد شاہ  امیدوار حلقہ این اے 54 رضوان احمد امیدوار حلقہ پی پی 13 سید عزیر حامداور مولانا محمد جمیل نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پی پی کی حکومت نے پانچ سالوں میں جو بد نامی کمائی تھی، موجودہ حکمرانوں کے سو دنوں میں ہی عوام بلبلا اٹھے ہیں۔ حکمرانوں کو ملکی مفاد کے خلاف عالمی اداروں سے کئے گئے معاہدے ختم کرکے ملکی اور عوامی مفاد میں اپنی معاشی اور خارجہ پالیسیوں کو از سر نو ترتیب دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشکول توڑنے کے اعلانات اور وعدے کرنے والے اب آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سامنے لیٹ گئے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار جنہیں اب اسحاق ڈالر کہا جانے لگا ہے وہ تو عالمی اداروں کی بولی بولتے اور ان کی تعریفیں کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) والے اپنے ہی انتخابی منشور کو بھی بھول گئے ہیں۔ وطن عزیز کو ایشین ٹائیگر بنانے کے دعوے کرنے والوں نے آئے دن مہنگائی بم گرا کر عوام کو زندہ در گور کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب شیر کو ووٹ دینے والے شرمندہ شرمندہ سے دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز کی قیمتوں میں فوری طور پر اضافہ ہو جاتا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائے اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات اٹھا ئے ورنہ عوام موجودہ حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر آجائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 308779
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش