0
Friday 11 Oct 2013 18:59

مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والوں کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے، رحمت خان وردگ

مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والوں کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے، رحمت خان وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال پاکستان کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ 100 دنوں کی نواز حکومت میں عوام کو مہنگائی کے ایسے طوفان کی نذر کر دیا گیا ہے کہ عوام کا جینا محال ہوگیا ہے۔ گزشتہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والوں کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے اور عام آدمی یہ کہنے پر مجبور ہو چکا ہے کہ 14 سال سے بھوکا شیر عوام کو نوچ نوچ کر مار رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین کراچی سٹی عبدالرشید ایڈووکیٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ رحمت خان وردگ نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانی اسحاق ڈار کی جانب سے غیر ملکی امداد کے بغیر واسو اور بھاشا ڈیم تعمیر کرنے کا عزم حقائق کے برعکس ہے کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر ہر روز بجٹ آتا ہے اور عام استعمال کی ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے اور ڈالر کی قیمت میں کسی بھی وقت غیر معمولی اضافہ متوقع ہے مگر حکومت کی ترجیحات عجیب و غریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کو حالات کا ادراک نہیں ہے اور ہر روز نئے نئے مضحکہ خیز دعوے کئے جاتے ہیں۔
 
رحمت خان وردگ نے کہا کہ گوادر سے کاشغر موٹروے، نیو اسلام آباد کی تعمیر سے عوام کو کیا ملے گا۔ عوام کو دو وقت کی روٹی، پینے کا صاف پانی، صحت و تعلیم کی مناسب سہولیات، بجلی، پانی، گیس اور مناسب روزگار سے غرض ہے جبکہ وفاقی وزاراء نیو اسلام آباد کی تعمیر کے دعوے کر رہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کی ترجیحات درست نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں میں گنجائش سے زیادہ خلاف ضابطہ سفارشی بھرتیوں کے باعث اہم قومی اداروں کو دیوالیہ کر دیا گیا ہے اور اب ان اداروں کی بحالی کے بجائے اپنے منظور نظر افراد کو اونے پونے فروخت کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز اور پی آئی اے سے اگر سیاسی مداخلت اور راشی افسران کو ہٹا دیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ یہ ادارے دوبارہ سے منافع بخش نہ بن سکیں لیکن انہیں جان بوجھ کر تباہ کیا گیا تاکہ اپنے منظور نظر افراد کے حوالے کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنی درست ترجیحات کا ازسرنو تعین کرنا ہوگا بصورت دیگر عوام جمہوریت سے عاجز آجائیں گے کیونکہ عوام کو جمہوریت میں بھی بنیادی سہولتیں نہ مل سکیں تو یہ ملک کی بدقسمتی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 310346
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش