0
Sunday 13 Oct 2013 21:47

بلدیاتی انتخابات، پٹواریوں کے ذریعے من پسند لوگوں کو منتخب کرانے کی تیاریاں ہورہی ہیں، جمشید دستی

بلدیاتی انتخابات، پٹواریوں کے ذریعے من پسند لوگوں کو منتخب کرانے کی تیاریاں ہورہی ہیں، جمشید دستی
اسلام ٹائمز۔ آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات دھوکہ اور فراڈ ہوں گے، پٹواریوں اور تحصیلداروں کے ذریعے پسند کے لوگوں کو منتخب کرانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔ ملتان پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمشید دستی کا کہنا تھا کہ شرمناک انداز میں اپنے ایم پی ایز اور ایم این ایز کو خوش کرنے کے لئے حلقہ بندیاں کی جارہی ہیں اور سپریم کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات دھوکہ، فراڈ اور جمہوریت سے مذاق ہوں گے۔

مظفر گڑھ سے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ایک کرپٹ شخص کو چیئرمین نیب لگا دیا گیا ہے جو خود اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہے، وہ احتساب کیا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے انتخابی نظام کی تبدیلی کے لئے لانگ مارچ کرنے والے پاکستان عوامی تحریک کے چیرمین طاہرالقادری کی باتیں آج ٹھیک لگتی ہیں کہ وہ کہتے تھے کہ عام انتخابات جعلی اور فراڈ ہوں گے اور ویسا ہی ہوا۔

جمشید دستی نے کہا کہ وہ عمران خان سے بھی اتفاق کرتے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پارلیمانی کی بجائے صدارتی نظام ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تحا کہ جب ہم طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے لگتے ہیں تو دھماکے اور خود کش حملے ہونے لگتے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیپلز پارٹی میں واپس جانے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا وہ ابھی آزاد ہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ توہین رسالت ایکٹ میں ترمیم کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم جرنیلوں کو توسیع دے سکتے ہیں تو ججز کو کیوں نہیں دے سکتے۔
خبر کا کوڈ : 310957
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش