0
Sunday 20 Oct 2013 11:13

بھارت گولہ باری سے باز نہ آیا تو پاکستان بھی خاموش نہیں رہے گا، برجیس طاہر

بھارت گولہ باری سے باز نہ آیا تو پاکستان بھی خاموش نہیں رہے گا، برجیس طاہر
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارتی الیکشن قریب آنے پر کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بھارت گولہ باری سے باز نہ آیا تو پھر پاکستان بھی خاموش نہیں رہے گا۔ بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجہ میں جنگ ہوئی تو ٹینکوں اور توپوں سے نہیں بلکہ ایٹمی لڑائی ہوگی۔ بھارت کے پاس ایٹم بم ہے تو پاکستان بھی ایٹمی قوت ہے۔ ان خیالات اظہار انھوں نے اپنے رابطہ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری برجس طاہر نے کہا کہ بھارت افغانستان میں اپنا اثرورسوخ بڑھا کر پاکستان میں مداخلت کر رہا ہے۔ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے واضح ثبوت ہیں۔ بھارت نے افغانستان کی سرحد پر اپنے دفاتر قائم کر رکھے ہیں جو پاکستان میں مداخلت کر کے حالات خراب کرنے میں مصروف ہیں تاکہ پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں الجھ کر کشمیر سے دستبردار ہو جائے مگر ان کی سازشیں ناکام ہی ہوں گی۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ ثقافتی، مذہبی، جغرافیائی اور تقسیم ہند کے طے شدہ فارمولے کے تحت کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔ کشمیر میں 77 فیصد مسلمان ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی واضح طور پر کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت نے مہاراجہ سے سازباز کر کے غیرقانونی طور پر قبضہ کیا جس کے خلاف اقوام متحدہ نے 1948ء میں کشمیری عوام کے حق میں قرارداد منظور کی جسمیں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی گئی۔ 

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق پامال کر رہا ہے۔ بے گناہ اور نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ گرا رہا ہے۔ ملک کے 18 کروڑ عوام بھارتی جارحیت کے مذمت کرتے ہیں۔ چوہدری برجیس نے کہا کہ عالمی طاقتیں فوری طور پر بھارت پر دبائو ڈالیں کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی معاملہ ہو تو عالمی تنظیمیں آسمان سر پر اٹھا لیتی ہیں، بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر گولہ باری کسی کو نظر نہیں آتی، لگتا ہے اس خطے میں کوئی امن نہیں چاہتا۔
خبر کا کوڈ : 312517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش